ناروے کی سپر مارکیٹ میں نامعلوم شخص کا تیر کمان سے حملہ، متعدد ہلاکتیں

 جمعرات 14 اکتوبر 2021
 حملہ آور نے کونسبرگ میں واقع سپر مارکیٹ میں داخل ہوکر وہاں موجود لوگوں کو نشانہ بنانا شروع کردیا، مقامی میڈیا۔(فوٹو:ٹوئٹر)

حملہ آور نے کونسبرگ میں واقع سپر مارکیٹ میں داخل ہوکر وہاں موجود لوگوں کو نشانہ بنانا شروع کردیا، مقامی میڈیا۔(فوٹو:ٹوئٹر)

اوسلو: ناروے میں نامعلوم ملزم نے سپر مارکیٹ میں داخل ہوکر تیر کمان سے حملہ کرکے متعدد افراد کو ہلاک کردیا ہے۔

بی بی سی کے مطابق دارلحکومت اوسلو کے جنوب مغربی قصبے کونسبرگ میں نامعلوم ملزم سپر مارکیٹ میں تیر کمان سے حملہ کرکے کم از کم 4 افراد کو ہلاک اور متعدد کو زخمی کردیا ہے۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق شام تقریبا سو 6 بجے پیش آیا۔ اس حوالے سے پولیس چیف اوئیونڈ آس کا کہنا ہے کہ ہم نے اس واقعے میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا  ہے اور اب تک کی معلومات کے مطابق یہ کام اس نے اکیلے کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پولیس کی جانب سے تاحال ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد نہیں بتائی گئی ہے تاہم مقامی ذرایع ابلاغ  کا کہنا ہے کہ اس حملے میں اب تک کم از کم 4 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔

پولیس ترجمان کے مطابق مزید تفتیش کے بعد اس واقعے کے محرکات کا پتا چل سکے گا کہ یہ دہشت گردی کی کارروائی تھی یا نہیں، میئر کیری این نے مقامی اخبار وی جی سے گفتگو میں کہا ہے کہ ہمارے پاس کہنے کے لیے الفاظ نہیں ہیں، یہ بہت ہی دردناک واقعہ ہے۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق حملہ آور نے کونسبرگ کے مغرب میں واقع کوپ ایکسٹرا سپر مارکیٹ میں داخل ہوکر وہاں موجود لوگوں کو نشانہ بنانا شروع کردیا۔ تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر مزاحمت کے بعد حملہ آور کو گرفتار کرکے ڈریمن قصبے کے پولیس اسٹیشن منتقل کردیا ہے جہاں اس سے مزید تفتیش جاری ہے۔

جب کہ نارویجین وزارت انصاف کی جانب سے کی گئی ٹوئٹ میں کہا گیا ہے کہ وزیر انصاف مونیکا میلینڈ کو اس بارے میں آگاہ کردیا گیا ہے اور وہ اس صورت حال کا باریکی سے جائزہ لے رہی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔