خواتین کی نازیبا ویڈیوز اور تصاویر جاری کرنے والی خاتون ہیکر گرفتار

ویب ڈیسک  جمعرات 14 اکتوبر 2021
ملزمہ سے برآمد ہونے والے موبائل میں قابل اعتراض مواد اور واٹس ایپ نمبر موجود پائے گئے، ایف آئی اے۔ فوٹو:ایکسپریس

ملزمہ سے برآمد ہونے والے موبائل میں قابل اعتراض مواد اور واٹس ایپ نمبر موجود پائے گئے، ایف آئی اے۔ فوٹو:ایکسپریس

لاہور: ایف آئی اے نے خواتین کی نازیبا ویڈیوز اور تصاویر وائرل کرنے والی ہیکر خاتون کو گرفتار کرلیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق خواتین کی نازیبا ویڈیوز اور تصاویر جاری کرنے والی ہیکر خاتون نے بلیک میلنگ میں مردوں کو پیچھے چھوڑ دیا، تاہم ایف آئی اے نے ملزمہ کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ہونے والی ہیکر خاتون کے بارے میں ایف آئی اے کی تحقیقات میں اہم انکشافات سامنے آئے۔

ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ حنا محمود نامی خاتون ہیکر نے بلال شبیر نامی ایک شہری کے جی میل، اسنیپ چیٹ، ہاٹ میل، اسکائپ اور انسٹاگرام کے اکاؤنٹ ہیک کئے، اکاؤنٹ ہیک کرنے کے بعد اس پر عائشہ اور حفظہ نامی لڑکیوں کی قابل اعتراض تصاویر اور ویڈیوز شیئر کیں، واٹس ایپ کے دو نمبروں کے ذریعے بھی خواتین کی ویڈیوز کو وائرل کیا، اور مکار ہیکر نے اپنی شناخت چھپانے کے لئے وی پی این کا سہارا بھی لیا تاکہ اسے ٹریس نہ کیا جاسکے۔

ایف آئی اے نے بلال شبیر اور عائشہ کی شکایت پر موبائل ڈیٹا کی مدد سے چالاک ملزمہ حنا محمود کو لوکیٹ کرکے اسے گرفتار کیا، ملزمہ سے برآمد ہونے والے موبائل میں قابل اعتراض مواد اور واٹس ایپ نمبر موجود پائے گئے، ملزمہ کے موبائل پر ویڈیوز وائرل کرنے کے لئے بلال شبیر کی مختلف آئی ڈیز استعمال ہورہی تھیں، درخواست گزاروں کے خلاف قابل اعتراض مواد بھی موبائل فون سے برآمد ہوا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔