بھارت کی نام نہاد سرجیکل اسٹرائیک کی دھمکی کی مذمت کرتے ہیں، دفترخارجہ

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 14 اکتوبر 2021
بھارتی وزیر داخلہ کے بیان سے ظاہر ہے کہ بی جے پی اور  آر ایس ایس اپنے سیاسی مفادات کے لیے خطے میں کشیدگی بڑھا رہے ہیں (فوٹو:فائل)

بھارتی وزیر داخلہ کے بیان سے ظاہر ہے کہ بی جے پی اور آر ایس ایس اپنے سیاسی مفادات کے لیے خطے میں کشیدگی بڑھا رہے ہیں (فوٹو:فائل)

 اسلام آباد: حکومت نے بھارتی وزیر داخلہ کی پاکستان میں نام نہاد ’’سرجیکل اسٹرائیک‘‘ کی دھمکی کے غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز بیان کی شدید مذمت کی۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ خود فریبی پر مبنی بھارتی بیان سے ایک مرتبہ پھر اظہار ہوتا ہے کہ بی جے پی، آر ایس ایس پاکستان دشمنی کی بنیاد پر اپنے سیاسی و نظریاتی مفادات کی تکمیل کے لیے مل کر خطے میں کشیدگی بڑھا رہے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ ایسے بیانات آڑ کے طور پر استعمال ہوتے ہیں تاکہ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین و منظم خلاف ورزیوں سے دنیا کی توجہ ہٹائی جائے اور بھارت کے اندر مسلمانوں اور اقلیتوں کے خلاف ہونے والے مظالم کو چھپایا جا سکے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے بار بار عالمی برادری کی توجہ بھارت کے مذموم عزائم کی طرف دلائی ہے کہ وہ پاکستان اور کشمیریوں کو ملوث کرنے کے لیے کوئی ’’فالس فلیگ‘‘ آپریشن کر سکتا ہے، پاکستان امن سے محبت رکھنے والا ملک ہے لیکن ہم کسی بھی طرح کے جارحانہ مذموم عزائم کو پورے عزم سے ناکام بنانے کے لیے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ 2019ء میں بھارت کی بالاکوٹ میں مہم جوئی کا پاکستان نے موثر انداز میں جواب دیتے ہوئے بھارتی لڑاکا طیاروں کو مار گرایا اور بھارتی ائیر فورس کے پائلٹ کو گرفتار کر لیا تھا جو پاکستان کی مسلح افواج کی تیاری اور کسی بھی بھارتی جارحیت کو ناکام بنانے کی صلاحیت کا مظاہرہ کر چکی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔