آئی سی سی ٹی 20 رینکنگ؛ حفیظ آل راؤنڈر کے بادشاہ، بالنگ میں سعید اجمل کا دوسرا نمبر

ویب ڈیسک  پير 3 فروری 2014
محمد حفیظ اور سعید اجمل پاکستان کی ٹیم کے اہم ستون مانے جاتے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی / فائل

محمد حفیظ اور سعید اجمل پاکستان کی ٹیم کے اہم ستون مانے جاتے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی / فائل

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے ٹی 20 کرکٹ میں کھلاڑیوں کی نئی فہرست جاری کردی گئی ہے جس کے مطابق پاکستان کے پروفیسر آل راؤنڈر کے بادشاہ قرار پائے ہیں جبکہ بالنگ میں سعید اجمل دوسرے نمبر پر براجمان ہیں۔

نئی ٹی 20 رینکنگ کے مطابق نیوزی لینڈ کے ہاتھوں بھارت اور آسٹریلیا سے انگلینڈ کی ہزیمت نے بہترین بلے بازوں کی فہرست میں اتھل پتھل کردی ہے، بھارت کو کراری شکست سے دوچار کرنے والی نیوزی لینڈ کے وکٹ کیپر بیٹسمین برینڈن مک کولم نے انگلینڈ کے ایلکس ہیلس سے نمبر ون کی پوزیشن چھین کر انہیں ایک درجے نیچے دھکیل دیا ہے، انگلینڈ کے خلاف اچھی کارکردگی کی بنیاد پر آسٹریلین اوپنر ایرون فنچ اپنے کیریئر کی بیسٹ رینکنگ نمبر 3 پر آگئے ، چوتھے، پانچویں اور چھٹے نمبر پر بھارتی بلے بازوں ویراٹ کوہلی، سریش رائنا اور یووراج سنگھ کا قبضہ ہے،20 بہترین بلے بازوں میں پاکستان کے صرف 2 کھلاڑی محمد حفیظ اور عمر اکمل شامل ہیں تاہم ان کا نمبر بھی 18واں اور 20واں ہے۔

بالنگ کے شعبے میں ویسٹ انڈیز کے اسپنر سنیل نارائن پہلے جبکہ پاکستان کے جادوگر بالر سعید اجمل دوسرے نمبر پر ہیں، نیوزلی لینڈ کے ناتھن مک کولم تیسرے نمبر پر براجمان ہیں، پاکستان ہی کے محمد حفیظ چوتھے، سری لنکا کے اجنتھا مینڈس پانچویں، جنوبی افریقی پیسر ٹسوٹسوبے چھٹے نمبر پر ہیں، زمبوبے کے اتسیا ساتویں، سری لنکا کے کولے سیکارا آٹھویں جبکہ بنگلا دیش کے شکیب الحسن اور عبدالرزاق نویں اور دسویں نمبر پر موجود ہیں۔

آل راؤنڈرز کی فہرست میں پاکستان کے پروفیسر کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے اور وہ اس مرتبہ بھی آل راؤنڈرز میں ان کی بادشاہت قائم ہے، دوسرے نمبر پر شین واٹسن، تیسرے پر یووراج سنگھ، چوتھے نمبر پر شکیب الحس اور پانچویں نمبر پر بوم بوم آفریدی موجود ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔