جاپانی اب روبوٹ کے لیے کپڑے بنارہے ہیں

ویب ڈیسک  جمعـء 15 اکتوبر 2021
جاپانی کمپنی راکٹ روڈ کمپنی اب روبوٹ کے لیے فیشن والے کپڑے بنارہی ہے۔ فوٹو: راکٹ روڈ کمپنی فیس بک پیج

جاپانی کمپنی راکٹ روڈ کمپنی اب روبوٹ کے لیے فیشن والے کپڑے بنارہی ہے۔ فوٹو: راکٹ روڈ کمپنی فیس بک پیج

 ٹوکیو: جاپان میں کپڑوں کی ایک دکان کھولی گئی ہے جو انسانوں کی بجائے صرف روبوٹ کے لیے کپڑے تیار کرتی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ جاپانیوں کو روبوٹ سے خاص لگاؤ ہے اور وہ بطورِ خاص روبوٹ کے لیے تیار کپڑوں کو دیکھ کر بہت خوش ہوتے ہیں۔

راکٹ روڈ نامی کمپنی ہرقسم اور جسامت کےروبوٹ کے لیے کپڑے بناتی ہے۔ کمپنی چاہتی ہے کہ انسانی کپڑے پہن کر روبوٹ تھوڑے انسانی لگیں جس سے مشین اور انسانوں میں فرق کم کیا جاسکے۔

راکٹ روڈ نے سب سے پہلے روبوٹک بازو کے لیے پوشاکیں بنائیں جسے 40 مختلف رنگوں میں پیش کیا گیا ہے۔ لباس مکمل طور پر واٹر پروف، جراثیم کش، گردوغبار سے دور اور گرمی روکنے والے ہیں۔ کمپنی کے مطابق اس طرح روبوٹ کو کپڑے پہنائے جائیں تو ان کی ایک شخصیت ابھرکر سامنے آتی ہے۔

جاپان میں سادے روبوٹ، گھریلو روبوٹ، پالتو روبوٹ اور کارکن روبوٹ کی بھرمار ہے۔ یہاں تک کہ لوگ انہیں ایک جیتا جاگتا کردار قرار دیتے ہیں۔ اب کمپنی ان سب کے لیے لباس بنانے پر غور کررہی ہے۔ راکٹ روڈ کے سربراہ یوکینوری آئزومی کے مطابق روبوٹ کا لباس ایک فطری شے ہے۔ اس طرح وہ لوگوں کے قریب آتے ہیں ۔ یوں بچے، خواتین اور بوڑھے انہیں اپنا سمجھتے ہوئے روبوٹ کے مزید قریب جائیں گے۔ اس طرح ہماری کمپنی نے ملبوسات سازی میں ایک نیا فیشن متعارف کرایا ہے۔

2016 میں قائم یہ کمپنی سونی، سافٹ بینک روبوٹکس اور شارپ جیسے اداروں کے لیے روبوٹک لباس بنارہی ہے۔ ان کے نزدیک یہ ایک بہت سنجیدہ کام ہے جس میں محنت اور ٹیکنالوجی دونوں کی ضرورت ہے۔ اول کپڑے روبوٹ پر فٹ ہونا ضروری ہے اور دوم اس میں فیشن رنگوں اور دیگرچیزوں کا خیال رکھنا بھی بہت ضروری ہوتا ہے۔

غیرمعیاری کپڑے کو روبوٹ کی اندرونی گرمی جھلساسکتی ہے جبکہ لباس کا وزن زیادہ ہونے سے خود روبوٹ غیرمتوازن ہوسکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جانداروں کے مقابلے میں روبوٹ کے کپڑے بنانا بہت مشکل کام ہوتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔