جیل منتقلی کے بعد آریان خان والدین سے ویڈیوکال پر بات کرتے ہوئے رو پڑے

ویب ڈیسک  جمعـء 15 اکتوبر 2021
شاہ رخ اور گوری نے ویڈیو کال پر اپنے بیٹے سے تفصیل سے بات کی کہ جیل میں کیا ہورہا ہے فوٹوفائل

شاہ رخ اور گوری نے ویڈیو کال پر اپنے بیٹے سے تفصیل سے بات کی کہ جیل میں کیا ہورہا ہے فوٹوفائل

ممبئی: جیل منتقلی کے بعد آریان خان نے اپنے والدین سے ویڈیو کال پر بات کی ہے۔

بھارتی نیوز ایجنسی اے این آئی نے جیل ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ منشیات کیس میں گرفتار کنگ خان کے بیٹے آریان خان نےجیل میں اپنے والدین شاہ رخ خان اور گوری سے ویڈیو کال پر بات چیت کی ہے۔

رپورٹس میں کہا جارہا ہے کہ آریان نے اپنے والدین سے 10 منٹ تک ویڈیو کال پر بات کی اور اس دوران وہ جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور روپڑے جب کہ شاہ رخ اور گوری اس دوران بیٹے کو تسلی دیتے رہے۔

کووڈ 19 کی وجہ سے  نئے جیل قوانین کے مطابق جیل میں موجود قیدیوں کی ان کے اہلخانہ کے ساتھ ملاقاتوں پر پابندی ہے اور انہیں اپنے رشتے داروں سے بات کرنے کے لیے ویڈیو کال کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

آرتھر جیل میں ٹوٹل 11 اسمارٹ فونز ہیں جن سے قیدی مہینے میں دو یا تین بار اپنے گھروالوں سے بات کرسکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آریان خان جیل منتقل؛ قیدی نمبرالاٹ کردیا گیا

ذرائع کے مطابق آریان خان کو جیل حکام کی جانب سے موبائل فون فراہم کیا گیا جس سے انہوں نے اپنے والدین کو ویڈیو کال کی۔ شاہ رخ اور گوری نے ویڈیو کال پر اپنے بیٹے سے تفصیل سے بات کی کہ جیل میں کیا ہورہا ہے۔

واضح رہے کہ آریان خان سمیت منشیات کیس میں گرفتار دیگر ملزمان کو جمعرات کے روز کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے کے بعد آرتھر روڈ جیل کے قرنطینہ سیل سے جنرل سیل میں منتقل کردیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ آریان خان کو ان کے گھروالوں کی جانب سے 4 ہزار 500 روپے کا منی آرڈر بھی موصول ہوا ہے جو ان کے کینٹین کے اخراجات کے لیے بھجوایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:  شاہ رخ خان کے بیٹے آریان کو 20 سال تک کی سزا ہوسکتی ہے

خیال رہے کہ گزشتہ روز ہونے والی سماعت میں آریان کی ضمانت نہیں ہوسکی تھی اور عدالت نے ان کی ضمانت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا جو کہ 20 اکتوبر کو سنایا جائے گا لہذا آریان کو 20 اکتوبر تک جیل میں ہی رہنا ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔