بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں مزید 2 کشمیری نوجوان شہید

ویب ڈیسک  ہفتہ 16 اکتوبر 2021
قابض فوج نے دونوں نوجوانوں کو نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران شہید کیا فوٹو : فائل

قابض فوج نے دونوں نوجوانوں کو نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران شہید کیا فوٹو : فائل

سرینگر: بھارتی فوج نے مقبوضہ وادی میں ظلم و بربریت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مزید 2 نوجوانوں کو شہید کردیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیروادی میں قابض بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی کا نہ رکنے والا سلسلہ جاری ہے اور آج ایک بار پھر قابض فوج کی بربریت کے نتیجے میں مزید 2 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے جس کے بعد گزشتہ ہفتے کے دوران شہید نوجوانوں کی تعداد 9 ہوگئی ہے۔

بھارتی فوج نے سری نگر اور پلوامہ میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کرکے نوجوانوں کو شہید کیا، دونوں علاقوں میں آپریشن کے دوران قابض فوج نے چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا اور گھروں میں گھس گئے جب کہ علاقے میں آپریشن اب بھی جاری ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کے دوران بھارتی فوج کے نام نہاد سرچ آپریشن میں فائرنگ سے شہید نوجوانوں کی تعداد 9 تک پہنچ گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔