ہم سوشل میڈیا سے دور ہی بھلے

 منگل 4 فروری 2014
ان میں سے کون کیوں ہے گریزاں، کسے ہے کیا خوف؟  فوٹو : فائل

ان میں سے کون کیوں ہے گریزاں، کسے ہے کیا خوف؟ فوٹو : فائل

شوبز کی شخصیات اور سوشل میڈیا لازم وملزوم ہوچکے ہیں۔ ہالی وڈ کے اداکار ہوں یا بولی وڈ کے اسٹار، وہ مختلف سوشل ویب سائٹس سے جُڑے رہتے ہیں اور اپنے خیالات، روزوشب کا احوال، اپنی بابت خبریں اور تصاویر پوسٹ کرتے ہیں۔

اس طرح وہ اپنے پرستاروں سے رابطے میں رہتے ہیں اور سوشل میڈیا کو اپنی پبلسٹی کا ایک مؤثر ذریعہ بنائے ہوئے ہیں۔ تاہم ہالی وڈ کے ایسے بھی اداکار ہیں جو سوشل میڈیا سے دور ہیں اور دور ہی رہنا چاہتے ہیں۔ وہ رابطوں کی اس دنیا سے گریزاں کیوں ہیں، آئیے! ایسے ہی کچھ اداکاروں کے سوشل میڈیا سے گریز کی وجہ جانتے ہیں۔

٭ Julia Roberts : جولیا رابرٹس کا کہنا ہے کہ وہ ٹوئٹ نہیں کرتیں کیوں کہ وہ لوگوں سے براہ راست بات چیت کرنے کو ترجیح دیتی ہیں۔ سوشل میڈیا سے جولیا کے دور رہنے کی وجہ ٹیکنالوجی خاص طور پر انٹرنیٹ کی بابت ان کی کم واقفیت بھی ہے۔

٭Keira Knightley : ہالی وڈ کی یہ خوب صورت اداکارہ صاف لفظوں میں کہہ چکی ہے کہ اسے انٹرنیٹ سے نفرت ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ وہ باقاعدگی سے اپنی ای میلزچیک کرنے اور سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس پر جانے کو انسانی خصائل سے محروم کردینے والا عمل سمجھتی ہے۔ اس نے ٹوئٹر پر اکاؤنٹ بنایا تھا، مگر اس اکاؤنٹ کو بارہ گھنٹے بعد ہی ڈیلیٹ کردیا۔ کیریا نائٹلی کہتی ہے کہ اسے ٹوئٹر اسکول کے پلے گراؤنڈ جیسی جگہ لگی۔

٭Bradley Cooper : بریڈلے کوپر سمجھتے ہے کہ اگر اس نے سوشل میڈیا سے ناتا جوڑا تو لوگ اس کے بارے میں بہت زیادہ جان لیں گے۔ بریڈلے کوپر کہتا ہے کہ وہ نہیں چاہتا کہ فلم بین اس کے آن اسکرین کرداروں پر یقین نہ کریں۔ اس کا کہنا ہے کہ جب ہم کسی (اداکار) کے بارے میں بہت کچھ جانتے ہیں تو اور وہ کسی فلم میں کوئی کردار نبھا رہا ہوتا ہے تو لوگ یہ نہیں بھول پائیں گے کہ درحقیقت وہ کون ہے۔ دوسری صورت میں فلم بین کردار سے صحیح معنوں میں لطف اندوز ہوں گے۔

٭ Kristen Stewart : اس باصلاحیت فلم اسٹار کی سوشل میڈیا سے دور رہنے کہ وجہ بڑی دل چسپ ہے۔ اسے خطرہ ہے کہ اگر وہ کسی سوشل ویب سائٹ جیسے ٹوئٹر پر اپنا اکاؤنٹ بنالے گی تو کہیں اسے قتل نہ کردیا جائے۔ وہ کہتی ہے کہ ٹوئٹر پر اکاؤنٹ بنانے کی صورت میں اگر کوئی کرسٹن اسٹیوارٹ کی جان لینا چاہے تو وہ جان سکے گا کہ کس وقت وہ کہاں ہوگی اور کیا کر رہی ہوگی۔

٭ Scarlett Johansson : یہ اداکارہ سوشل میڈیا کے حوالے سے عجیب خوف کا شکار ہے۔ وہ کچھ اس طرح سمجھتی ہے کہ جیسے ہی وہ فیس بُک یا ٹوئٹر پر سائن ہوگی کوئی بندوق لیے اس کے سر پر کھڑا ہوجائے گا اور چاہے گا کہ وہ اپنے زندگی کے تمام معاملات شیئر کرے۔

٭George Clooney : آسکر ایوارڈ یافتہ جارج کلونے صاف الفاظ میں کہتے ہیں کہ ان کے نزدیک اگر کوئی مشہور شخص ٹوئٹر پر ہے، تو اس کا مطلب یہ ہے کہ وہ ذہنی طور پر نابالغ ہے۔

٭Rachel McAdams : یہ اداکارہ انٹرنیٹ تو کجا ٹی وی سے بھی دور رہتی ہے۔ وہ کہتی ہے کہ میں خبریں ریڈیو پر سن لیتی ہوں۔ میرے پاس ٹی وی نہیں اور ای میلز کے معاملے میں بہت بری ہوں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔