حکومت کیلئے 2021ء بھی مکمل کرنا مشکل ہے، آج گئی یا کل، مریم نواز

ویب ڈیسک  ہفتہ 16 اکتوبر 2021
پاکستان سے متعلق خدشات سے امریکا کو آگاہ کردیا، نائب صدر مسلم لیگ (ن)  فوٹو: فائل

پاکستان سے متعلق خدشات سے امریکا کو آگاہ کردیا، نائب صدر مسلم لیگ (ن) فوٹو: فائل

 لاہور: مسلم لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے گرد پٹرول مافیا نے گھیرا ڈالا ہوا ہے۔

مریم نواز نے جاتی امراء رائیونڈ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل مافیا نے عمران خان کے اردگرد گھیرا ڈالا ہوا ہے، عوام کے پیسے سے ان سب کی جیبیں بھری گئی ہیں، موجودہ حکومت میں ہر چیز مہنگی ہوگئی ، ہر ایک کےپاس ایسی اے ٹی ایمز نہیں ہوتیں جو عمران خان کا کچن چلاتی ہیں ، پینڈورا پیپرز سے عمران خان کی اے ٹی ایم کے نام سامنے آئے ، ملک میں بہت سے لوگوں کی آمدن بیس ہزار سے کم ہے، سب بنی گالا میں نہیں رہتے ، حکومت نے عوام کو جتنا درد اور تکلیف دی اس کا ازالہ نہیں ہوسکتا ، حکومت کو یہ پتہ نہیں آج گئی یا کل گئی ، لوگ بجلی،گیس کے بل کہاں سے بھریں گے۔

مریم نواز نے کہا کہ ملک میں ڈینگی سے نہیں بلکہ حکومتی نالائقی سے اموات ہورہی ہیں، حکمرانوں کی پہلے اپوزیشن سے انتقام پر توجہ تھی اور اب حکومت بچانے پر ہے، عوام جانتے ہیں ملک سے کیا کھیل کھیلا جارہاہے، شہبازشریف اقتدار میں ہوتے تو ادویات گھروں میں پہنچتی تھیں، عمران خان ان پر ڈرامہ کرنے کا الزام لگاتے تھے، یہ اتنی بے حس حکومت ہے جس سے ڈرامہ بھی نہیں ہورہا، عوام جھولی اٹھاکر حکومت کو بددعا دے رہے ہیں، ن لیگ اور پی ڈی ایم شاید ابھی لانگ مارچ کی تیاری نہیں کررہیں، حکومت نے خود اپنے خلاف لانگ مارچ کی تیاری کرلی ہے، پہلے حکومت کی اپوزیشن کو مارنے کی کوشش تھی اور اب خود کو بچانے پر توجہ ہے، اپنی نالائقی سے حکومت کا 9 سال کا پلان تباہ و برباد ہوگیا ہے، 2023 تو دور کی بات حکمرانوں کیلئے 2021ء مکمل کرنا مشکل ہے، روز ان کی دوڑیں لگ رہی ہیں اور ہمیں چیزیں نظر آرہی ہیں، نوشتہ دیوار کو پڑھنا مشکل نہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان حکومت کو بچانے کے لیے جوڑ توڑ حساب کتاب میں مصروف ہیں کہ ع سے شروع ہوتا ہے یا ف سے، مارچ ٹھیک یا دسمبر ٹھیک ہے، وہ ان چیزوں میں الجھا ہے اس کی بلا سے غریب عوام پس جائے، غریب آدمی ختم ہوجائے۔

امریکی سفارتخانے کی ناظم الامور انجیلا ایگلر سے ملاقات سے متعلق سوال کے جواب میں مریم نواز نے کہا کہ ان سے بہت سے معاملات پر بات ہوئی ہے، جو لوگ امریکی صدر جوبائیڈن کے فون کا انتظار کررہے ہیں ان کے لیے تو یہ ایک بہت بڑی خبر ہے، میں نے اپنی اور ن لیگ کی طرف سے پاکستان سے متعلق خدشات سے امریکی ناظم الامور کو آگاہ کیا، ملاقات میں پارٹی کے سینئر لوگ بھی شریک ہوئے تھے۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ کسی کا نام نہیں لوں گی لیکن ہر پارٹی میں ہر طرح کے لوگ ہیں اور ہر قسم کی سوچ ہوتی ہے، ہماری پارٹی میں جو لوگ ڈر رہے تھے ان کا ڈر بھی اب اتر گیا ہے اور پتہ چل گیا کہ نواز شریف جو کہہ رہے تھے ٹھیک کہہ رہے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔