دنیا کا سب سے چھوٹا ’اصلی ریوالور‘ بارہ لاکھ روپے میں خریدیئے!

ویب ڈیسک  اتوار 17 اکتوبر 2021
2006 سے دنیا کے مختصر ترین ریوالور کا اعزاز بھی اسی چھوٹی سی بندوق کے پاس ہے۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

2006 سے دنیا کے مختصر ترین ریوالور کا اعزاز بھی اسی چھوٹی سی بندوق کے پاس ہے۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

برن: اس کا نام ’سوئس منی گن‘ ہے اور یہ دنیا کا سب سے چھوٹا ’اصلی‘ ریوالور ہے جس سے گولیاں بھی فائر کی جاسکتی ہیں۔ اس کی قیمت 6,300 سوئس فرانک یعنی تقریباً بارہ لاکھ پاکستانی روپے ہے۔

اس کی لمبائی 5.5 سینٹی میٹر، چوڑائی 3.5 سینٹی میٹر اور موٹائی صرف ایک سینٹی میٹر ہے جبکہ یہ صرف 19.8 گرام وزنی ہے۔ اس میں بھری جانے والی گولیاں بھی صرف 0.234 سینٹی میٹر لمبی جتنی ہوتی ہیں۔

اتنی مختصر جسامت کے باوجود اس میں اصل جسامت والے ڈبل ایکشن ریوالور کی تمام خصوصیات ہیں جن میں پوری طاقت سے گولی فائر کرنا بھی شامل ہے۔

بندوقوں کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر کسی شخص کے بہت قریب جا کر سوئس منی گن سے گولی فائر کی جائے تو وہ اس کی کھوپڑی میں سوراخ بھی کرسکتی ہے۔

انہی خصوصیات کی وجہ سے امریکا اور برطانیہ میں اس ریوالور کی درآمد اور فروخت پر مکمل پابندی ہے۔

’سوئس منی گن‘ بازار میں عام دستیاب نہیں بلکہ اسے آن لائن آرڈر کرکے ہی بنوایا جاتا ہے۔

اس کی تیاری میں 18 قیراط سونا استعمال کیا جاتا ہے جبکہ گولیوں کی 48 کارٹریجز اور دوسری چیزوں کے ساتھ اسے لکڑی کے ایک خوبصورت ڈبے میں بند کیا جاتا ہے۔

سوئس منی گن کی قیمت سے ظاہر ہے کہ اس کے خریداروں میں دنیا کے مالدار لوگ ہی شامل ہیں۔

2006 سے دنیا کے مختصر ترین ریوالور کا اعزاز بھی اسی چھوٹی سی بندوق کے پاس ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔