انڈونیشیا میں دریا کی صفائی مہم کے دوران 11 طلبا ڈوب کر جاں بحق

ویب ڈیسک  ہفتہ 16 اکتوبر 2021
اسکول کے بچے دریا کی صفائی کے لیے گئے تھے، فوٹو: ٹوئٹر

اسکول کے بچے دریا کی صفائی کے لیے گئے تھے، فوٹو: ٹوئٹر

جکارتا: انڈونیشیا کے جزیرے جاوا کے ایک دریا کی صفائی مہم کے دوران اسکول کے 13 سے 15 سال کے 11 بچے کشتی سے گرنے کی وجہ سے ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق انڈونیشیا کے جزیرے جاوا میں اسلامک ہائی اسکول کے 150 طلبا ایک دریا کی صفائی مہم کے سلسلے میں گئے تھے۔ طلبا کی عمریں 13 سے 15 سال تھیں۔

صفائی کے دوران 21 طلبا کشتی سے دریا میں گر گئے جن میں سے 10 بچوں کو زندہ نکال لیا گیا تاہم 11 بچے پھیپھڑوں میں زیادہ پانی بھر جانے کے باعث جان کی بازی ہار گئے۔

Indonesia 11 students drowned 1

ریسکیو ادارے کا کہنا ہے کہ ڈوبنے والے بچے کشتی میں ایک دوسرے کا ہاتھ مضبوطی سے تھامے بیٹھے تھے اور ایک بچے کے گرنے سے باقی بچے بھی ایک کے بعد ایک دریا میں گرتے گئے۔

دوسری جانب عینی شاہدین نے بتایا کہ بچے دریا کو عبور کرنے کی کوشش کے دوران پانی کا تیز ریلہ آنے کی وجہ سے بہہ گئے تھے اور انھوں نے حفاظتی جیکٹس بھی نہیں پہن رکھی تھیں۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دریا میں نہ تو طغیانی اور نہ ہی بارش ہوئی تھی اس لیے پُرسکون دریا میں بچوں کا بہہ جانا بد قسمتی کے سوا کچھ نہیں۔ واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔

Indonesia 11 students drowned 2

واضح رہے کہ آج ہی انڈونیشیا کے جزیرے بالی میں 4.3 شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا ہے جس میں 3 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔