دنیا نے دیکھ لیا نواز شریف کے مخالفین کو کتنی ذلت کا سامنا ہے، مریم نواز

ویب ڈیسک  ہفتہ 16 اکتوبر 2021
(فوٹو : فائل)

(فوٹو : فائل)

فیصل آباد: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف نے اپنا معاملہ اللہ پر چھوڑ دیا، اب عوام دیکھ لیں االلہ تعالیٰ نے نواز شریف کے مخالفین کو عبرت کا نشان بنادیا، دنیا نے دیکھ لیا کہ نواز شریف کے مخالفین کو کتنی ذلت کا سامنا ہے۔

فیصل آباد میں پی ڈی ایم کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کی خارجہ پالیسی ناکام ہوگئی، آج کسی بھی ملک کا سربراہ آپ سے ہاتھ ملانے کے لیے تیار نہیں، مودی بات کرتا نہیں اور جوبائیڈن فون اٹھاتا نہیں۔

رہنما ن لیگ نے کہا کہ عمران خان نے ملک میں تاریخی مہنگائی کردی جس کی وجہ سے عوام جھولیاں اٹھا ٹھا کر عمران خان کو بددعائیں دے رہے ہیں، عمران خان کہتے ہیں جب مہنگائی آئے تو حکمران چور ہوتا ہے آج ہر چیز مہنگی ہے تو بتائیں چور کون ہے؟ آج پٹرول 138 روپے لیٹر ہوگیا تو بتائیں چور کون ہوا؟

مریم نواز نے کہا کہ عوام مچھروں کی طرح مررہے ہیں اور بے حس وزرا کہتے ہیں عوام چائے میں چینی کے دانے کم کرلیں جب کہ عمران خان کہتے ہیں گھبرانا نہیں اور سکون صرف قبر میں ہے، عمران خان نے 22 کروڑ عوام کو قبروں میں بھیجنے کی سازش کی۔

یہ پڑھیں : حکومت کیلئے 2021ء بھی مکمل کرنا مشکل ہے، آج گئی یا کل، مریم نواز

انہوں نے کہا کہ پنڈورا پیپرز میں تحریک انصاف پہلے نمبر پر آئی اور عوام کو سننے کے لیے ملا کہ عمران خان کا نام پنڈورا پیپرز میں نہیں، کبھی سنا ہے کہ چوروں کا سردار ایمان دار ہو؟ عمران خان نے سیاسی مخالفین سے نیب کے ذریعے انتقام لیا لیکن اب عمران خان کے احتساب کی باری آئی تو نیب قانون میں ترمیم ہونا شروع ہوگئی لیکن عمران خان چاہیے کچھ بھی کرلیں خود کو احتساب سے نہیں بچاسکتے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے کہا کہ میں اپنا معاملہ اللہ پر چھوڑتا ہوں، اب عوام دیکھ لیں االلہ تعالیٰ نے نواز شریف کے مخالفین کو عبرت کا نشان بنادیا، دنیا نے دیکھ لیا کہ نواز شریف کے مخالفین کو کتنی ذلت کا سامنا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔