شہریوں کو پاکستان سے ایران لے جاکر اغوا کرنے والے انسانی اسمگلر گرفتار

ویب ڈیسک  ہفتہ 16 اکتوبر 2021
اسمگلر مغویوں پر بہیمانہ تشدد کی ویڈیوز ان کے گھر والوں کو بھیج کر تاوان طلب کرتے تھے - فوٹو:فائل

اسمگلر مغویوں پر بہیمانہ تشدد کی ویڈیوز ان کے گھر والوں کو بھیج کر تاوان طلب کرتے تھے - فوٹو:فائل

 اسلام آباد: تاوان کے لیے شہریوں کو پاکستان سے ایران لے جاکر اغوا کرنے والے 2 انسانی اسمگلر کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے ایران میں غیر قانونی تارکین وطن کو اغوا کرنے والے گروہ کے 2 ملزمان گرفتار کر کے 3 مغوی بازیاب کرلیے۔ تاوان کے لیے پاکستان سے لوگوں کو ایران لے جا کر ان پر بہیمانہ تشدد کی ویڈیو ان کے گھر والوں کو بھجوائی جاتی تھی اور تاوان طلب کیا جاتا تھا۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ متاثرہ شخص کے والد کی درخواست پر انسداد انسانی اسمگلرز سیل کے ڈپٹی ڈائریکٹر سکندر حیات اور سب انسپکٹر زبیر کمال نے فوری کارروائی کر کے تاج  نامی سہولت کار کو ساتھی سمیت گرفتار کر کے اہم معلومات حاصل کر لیں اور فوری ایرانی حکام سے معلومات کا تبادلہ کیا ہے۔

ایف آئی اے کے مطابق ایرانی حکام نے بازیاب افراد کو تفتان سرحد پر ایف آئی اے حکام کے حوالے کیا۔ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے ایرانی حکام کو تفتیش میں حاصل مزید اہم معلومات فراہم کی جارہی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔