پاکستان سے ٹاکرے کو ایک عام میچ کی طرح سمجھیں گے،ویرات کوہلی

اسپورٹس رپورٹر  اتوار 17 اکتوبر 2021
ٹکٹ مہنگے ہونے کی وجہ سے دوستوں کے مطالبے بڑھ گئے،صاف انکارکردیا، بھارتی کپتان۔ فوٹو: فائل

ٹکٹ مہنگے ہونے کی وجہ سے دوستوں کے مطالبے بڑھ گئے،صاف انکارکردیا، بھارتی کپتان۔ فوٹو: فائل

لاہور: بھارتی کپتان ویرات کوہلی کا کہنا ہے کہ پاکستان سے ٹاکرے کو ایک عام میچ کی طرح سمجھیں گے جب کہ بابر اعظم کی جانب سے جیت کا عزم ظاہر کیے جانے کے سوال پر بھارتی کپتان نے کوئی دعویٰ کرنے سے گریزکیا۔

ویرات کوہلی نے کہا کہ ٹکٹوں کی قیمت غیر معمولی اور بڑے جوش و خروش کا ماحول بن چکا ہے، میچ کے دوران شائقین کی وجہ سے تھوڑی مختلف صورتحال ہوگی مگر ہمارے لیے یہ عام میچ کی طرح ہی ہوگا جس میں ایک پروفیشنل کے طور پر اپنی بہترین کارکردگی پیش کرنے کی کوشش کریں گے،کسی اضافی دباؤ کا شکار ہونے کی ضرورت نہیں، اپنی صلاحیت کے مطابق بہتر پرفارم کرنا ہی ہمارا ہدف ہوگا۔

انھوں نے ازراہ مذاق کہا کہ مہنگے ہونے کی وجہ سے دوستوں کے ٹکٹوں کیلیے مطالبے بھی بڑھ گئے مگر میں نے ان کو صاف انکار کردیا ہے۔

کوہلی نے ورلڈکپ میں بھونیشور کمار اور روی چندرن ایشون کو اپنی ٹیم کے ٹرمپ کارڈ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پیسر نئی گیند سے موثر ثابت ہوسکتے ہیں، اسپنر کی بے خوف بولنگ ہمارے لیے فتوحات کی راہ ہموار کرے گی۔

بھارتی کپتان نے مہندرا سنگھ دھونی کی اسکواڈ کے ہمراہ موجودگی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہاکہ سابق کپتان ہمیشہ سے ہمارے مینٹور رہے ہیں،ورلڈکپ میں ان کا تجربہ ٹیم کے کام آئے گا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔