ماہرہ خان کی ٹیلی فلم ’’ایک ہے نگار‘‘ کا ٹریلر جاری

ویب ڈیسک  اتوار 17 اکتوبر 2021
پاک فوج نے اس فلم کے ذریعے لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر کو خراج  تحسین پیش کیا ہے فوٹوفائل

پاک فوج نے اس فلم کے ذریعے لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر کو خراج تحسین پیش کیا ہے فوٹوفائل

کراچی: پاکستان کی پہلی خاتون لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر کی زندگی پر بننے والی ٹیلی فلم ’’ایک ہے نگار‘‘ کا آفیشل ٹریلر جاری کردیا گیا۔

پاکستان کی پہلی خاتون لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر کی زندگی پر بننے والی ٹیلی فلم ’’ایک ہے نگار‘‘ کا آفیشل ٹریلر جاری کردیا گیا۔ فلم میں ماہرہ خان نے نگار جوہر کا مرکزی کردارادا کیا ہے۔ یہ ٹیلی فلم پاک فوج کی پہلی تھری اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی پاکر ملک کی پہلی لیفٹیننٹ جنرل اور پاکستان کی پہلی خاتون سرجن نگار جوہر کی زندگی پر مبنی ہے۔

تقریباً2 منٹ کے ٹریلر میں نگار جوہر کی ابتدائی زندگی سے لے کر ان کے لیفٹننٹ جنرل بننے تک کی کہانی کو دکھایا گیا ہے کہ انہوں نے اپنے اس سفر میں کتنی مشکلات اور فتوحات حاصل کیں۔ پاک فوج نے اس فلم کے ذریعے لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر کو خراج  تحسین پیش کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سوشل میڈیا صارفین کا نگار جوہر کے کردار کیلئے ماہرہ خان  پر اعتراض

ماہرہ خان نے گزشتہ روز فلم کا ٹریلر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے اس کردار کو کرنے کا تجربہ بیان کرتے ہوئے لکھا ’’اس کے لیے کائنات کی بہت شکر گزار ہوں یہ تجربہ، یہ کردار، اس بار۔۔۔ میں امید اور دعا کرتی ہوں کہ ہم نے جنرل نگار کی زندگی اور میراث کے ساتھ انصاف کیا۔ آمین‘‘۔ ماہرہ خان نے اپنی پوسٹ میں فلم کی ٹیم کا بھی شکریہ اد اکیا جنہوں نے اتنی محنت سے یہ ٹیلی فلم تیار کی۔

نگار جوہر پاکستان کی پہلی خاتون سرجن ہیں جنہوں نے اپنی زندگی لگن کے ساتھ میڈیکل کے شعبے میں کام کرتے ہوئے گزاری۔ وہ اس شعبے سے 1985 سے وابستہ ہیں۔ ٹیلی فلم میں ماہرہ خان کے مقابل اداکار بلال اشرف مرکزی کردار میں نظرآئیں گے۔ ان کے علاوہ اداکار خوشحال خان، سہیل سمیر اور اداکارہ سارہ بھی فلم میں شامل ہیں۔

ٹیلی فلم ’’ایک ہے نگار‘‘ کی کہانی عمیرہ احمد نے تحریر کی ہے۔ فلم کی ہدایت عدنان سرور نے دی ہے جب کہ نینا کاشف اور ماہرہ خان کی  پروڈکشن کمپنی سلفری فلمز کے بینر تلے اس فلم کو تیار کیا گیا ہے۔ یہ ٹیلی فلم نجی ٹی وی چینل اے آر وائے پر 23 اکتوبر کو پیش کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔