بھارت میں موسلادھار بارش نے تباہی مچادی، ہلاکتیں 35 ہوگئیں

ویب ڈیسک  اتوار 17 اکتوبر 2021
لینڈ سلائیڈنگ میں 3 مکانات تباہ اور درجنوں افراد مٹی کے تودے تلے دب گئے۔(فوٹو: اے ایف پی)

لینڈ سلائیڈنگ میں 3 مکانات تباہ اور درجنوں افراد مٹی کے تودے تلے دب گئے۔(فوٹو: اے ایف پی)

کوچی: بھارتی ریاست کیرالہ میں مسلسل ہونے والی بارش اور لینڈ سلائیڈنگ نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی جس کے نتیجے میں 35 سے زائد افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست کیرالہ میں جمعے کے روز سے شروع ہونے والی بارشوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ بارشوں سے ڈیم بھر گئے اور سیلابی ریلہ رہائشی علاقوں میں داخل ہوگیا۔

پہاڑوں سے آنے والے بارش کے پانی اور ڈیم کے ٹوٹنے سے پیدا ہونے والا سیلابی ریلے نے اپنے راستے میں آنے والی ہر چیز کو تہس نہس کرکے رکھ دیا اور کئی گاڑیوں کو بہا لے گیا۔ مختلف واقعات میں 35 سے زائد افراد ہلاک، 25 سے زائد زخمی اور 12 افراد لاپتہ ہیں۔

زیادہ تر ہلاکتیں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے ہوئیں۔ مٹی کا تودہ گرنے سے تین مکانات بھی مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔ اور درجنوں افراد ملبے تلے دب گئے۔ مسلسل بارشوں کے باعث امدادی کاموں میں رکاوٹ کا سامنا ہے۔

امدادی کاموں کے لیے فوج کو طلب کرلیا گیا ہے جب کہ دور دراز اور پہاڑی علاقے ہونے کے باعث نیوی ہیلی کاپٹر کی مدد بھی حاصل کی گئی ہے۔ جس کی مدد سے متاثرین کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

کیرالہ کے وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ 5 سے زائد ریلیف کیمپس قائم کردیئے گئے ہیں جہاں کووڈ-19 کی احتیاطوں کو مد نظر رکھنے ہوئے مخصوص تعداد ہی کو ٹھہرایا جائے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کیرالہ میں بارشوں کا زور آج سے ٹوٹ جانے کا امکان ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔