عرب اتحاد کے یمن پر فضائی حملے، 160 حوثی باغیوں کی ہلاکت کا دعوی

ویب ڈیسک  اتوار 17 اکتوبر 2021
باغیوں کو القاعدہ اور دولت اسلامیہ سے تعلق رکھنے والے عناصر کا سامنا ہے جن کا تعلق حملہ آور افواج سے ہے، حوثی ترجمان (فوٹو: فائل)

باغیوں کو القاعدہ اور دولت اسلامیہ سے تعلق رکھنے والے عناصر کا سامنا ہے جن کا تعلق حملہ آور افواج سے ہے، حوثی ترجمان (فوٹو: فائل)

العبدیہ: عرب اتحاد نے یمن کے شہر مارب میں فضائی حملے کیے ہیں اور نتیجے میں 160 سے زائد حوثی باغیوں کی ہلاکت کا دعوی کیا ہے۔

الجزیرہ کے مطابق عرب اتحاد کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یمن کے ضلع العبدیہ اور شہر مارب کے مضافاتی دیہات میں کیے جانے والے فضائی حملوں میں حوثی میلیشیا کو بھاری جانی اور مالی نقصان پہنچایا گیا ہے۔ ان حملوں میں 165 باغی ہلاک اور 41 گاڑیوں کو تباہ کیا گیا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ حوثی ملیشیا کی جانب سےشہریوں کو دہشت زدہ کرنے اور العبدیہ میں طبی امداد فراہم کرنے میں رکاوٹ ڈالی جارہی ہے۔

دوسری جانب سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران باغیوں کی پیش قدمی روکنے کے لیے العبدیہ اور شمالی شہر مارب پر 32 فضائی حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں 160 سے زائد باغی اور 11 فوجی گاڑیاں تباہ ہوئیں تاہم باغیوں کی جانب سے جانی اور مالی نقصان کی خبروں پر اب تک کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا نہ آزاد ذرائع سے تصدیق کی جاسکی۔

عرب اتحاد کا اس بارے میں کہنا ہے کہ مارب میں فضائی حملوں میں اب تک 700 سے زائد باغی ہلاک ہوچکے ہیں۔ حوثی باغیوں نے رواں سال فروری میں مارب صوبے کی جانب بڑے پیمانے پر پیش قدمی شروع کی تھی۔ اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے برائے مہاجرین کے مطابق رواں سال اس صوبے سے ہزاروں افراد بے گھر ہوچکے ہیں، صرف ستمبر میں ہی 10 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہوئے ہیں۔

حوثی تحریک پر نظر رکھنے والے سیاسی تجزیہ کار اور صحافی حسین ال بخیثی نے الجزیرہ کو بتایا کہ باغیوں کی جانب سے پیش قدمی جاری ہے اور زیادہ تر جنگ جو مارب صوبے کی طرف پیش قدمی کر رہے ہیں۔ اس کام میں انہیں مقامی لوگوں کی مدد حاصل  ہے کیوں کہ اگر یہ حوثیوں کی مدد نہ کریں تو میں نہیں سمجھتا کہ یہ ایک میٹر بھی پیش قدمی کرسکیں گے۔

دوسری جانب حوثیوں کے ترجمان محمد عبدالسلام نے اپنی ٹویٹ میں کہا ہے کہ باغیوں کو القاعدہ اور دولت اسلامیہ سے تعلق رکھنے والے عناصر کا سامنا ہے جن کا تعلق العبدیہ میں حملہ آور افواج سے ہے تاہم عرب اتحاد کی جانب سے حوثیوں کے الزام کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔