دنیا کا سب سے بڑا ’جیبی چاقو‘ تیار

ویب ڈیسک  پير 18 اکتوبر 2021
دنیا کا سب سے بڑا جیبی چاقو کینٹکی کی ایک کمپنی نے تیار کیا ہے جس کی لمبائی 34 فٹ ہے۔ فوٹو: یو پی آئی

دنیا کا سب سے بڑا جیبی چاقو کینٹکی کی ایک کمپنی نے تیار کیا ہے جس کی لمبائی 34 فٹ ہے۔ فوٹو: یو پی آئی

کینٹکی، امریکہ: پوری دنیا کی طرح پاکستان میں بھی دستی چاقو(پاکٹ نائف) عام ہیں اور اب ایک امریکی کمپنی نے دنیا کا سب سے بڑا دستی چاقو کا ماڈل بنایا ہے جس کی مجموعی لمبائی 34 فٹ اور وزن 680 کلوگرام ہے۔

جیبی چاقو کا یہ ماڈل مشہور امریکی کمنی ریڈ ہِل کٹلری نے تیار کیا ہے جس کی تصدیق خود گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے بھی کردی ہے۔ یہ چاقو ریڈکِلف کے علاقے میں کینٹکی میوزیم آف امریکن پاکٹ نائف کے باہر نصب کیا گیا ہے۔

ریڈ ہِل کٹلری کے شریک مالک جیسن باشم نے اس چاقو کی ڈیزائننگ میں اہم کردار ادا کیا ہے جسے دیکھنے کے لیے لوگ دور دور سے آرہے ہیں۔ اس کے لئے جب گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ اگر چاقو مکمل طور پر حقیقی چاقو جیسا ہوگا تب ہی اسے تسلیم کیا جائے گا۔

یہی وجہ ہے کہ دنیا کا سب سے بڑا جیبی چاقو ہونے کے باوجود یہ کھلتا اور بند ہوتا ہے یعنی مکمل طور پر حقیقی چاقو جیسا ہی ہے۔ اس کے علاوہ دھوپ اور بارش میں زنگ آلود نہیں ہوتا اور نہ ہی اس کا مٹیریئل خراب ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔