پاکستان جاپانی سرمایہ کاری کیلیے دوسرا بڑا ملک بن گیا،جائیکا

بزنس رپورٹر  منگل 4 فروری 2014
سرکلرریلوے میں بھی جاپانی سرمایہ کاروں نے دلچسپی ظاہرکی ہے،سروے رپورٹ  فوٹو: فائل

سرکلرریلوے میں بھی جاپانی سرمایہ کاروں نے دلچسپی ظاہرکی ہے،سروے رپورٹ فوٹو: فائل

کراچی: پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں، امن و امان کی مخدوش صورحال کے باوجود پاکستان جاپانی سرمایہ کاری کے لیے دنیا کا دوسرا بڑا ملک بن گیا ہے۔

جاپان ایکسڑنل ٹریڈ آرگنائزیشن (جائیکا) کی سروے رپورٹ کے مطابق پاکستان میں امن وامان کی مخدوش صورتحال اور توانائی بحران کے باوجود یہاں جاپان کی27 کمپنیاں کاروبار کر رہی ہیں، پاکستان کے قوانین چین اور بھارت کی نسبت زیادہ آسان اور سود مند ہیں۔ سروے میں کہا گیاکہ دہشت گردی سے متاثر یہ ملک 70سے زائد جاپانی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کے لیے رضامند کرچکا ہے۔

جن میں سے بیشتر آٹوموبائل اور مینوفیکچرنگ سیکٹر سے تعلق رکھتی ہیں جبکہ کراچی میں2 ارب ڈالر کے سرکلر ریلوے میں بھی جاپانی سرمایہ کاروں نے دلچسپی ظاہر کی ہے۔ سروے میں کہا گیا ہے کہ امن وامان کی مخدوش صورتحال، توانائی بحران اور سڑکوں کے مفلوج نظام کی وجہ سے نئے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری سے گھبراتے ہیں، اگر حکومت اس جانب فوری توجہ دے تو بیرونی سرمایہ کاروں کے لیے سازگار فضا قائم ہوسکتی ہے۔ یہ سروے دنیا میں9 ہزار 371 جاپانی کمپنیز کے ذریعے کیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔