کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی دیر بالا میں کارروائی، ٹی ٹی پی کا مطلوب دہشت گرد ہلاک

ویب ڈیسک  پير 18 اکتوبر 2021
ہلاک دہشت گرد پولیس ، سیکورٹی فورسسزپر حملوں اور بم دھماکوں میں ملوث تھا فوٹو: فائل

ہلاک دہشت گرد پولیس ، سیکورٹی فورسسزپر حملوں اور بم دھماکوں میں ملوث تھا فوٹو: فائل

 پشاور: کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے خیبر پختونخوا کے علاقے دیر بالا میں کارروائی کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے اہم دہشت گرد عبدالوہاب کو ہلاک کردیا۔

کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کالعدم ٹی ٹی پی نے 2 سے 3 دہشت گردوں کو سوات میں مختلف تخریبی کارروائیاں انجام دینے کے لیے بھیجا ہے اور وہ سوات میں داخل ہونے کے لئے دیر اور سوات کے متصل پہاڑی راستوں کا استعمال کریں گے۔

سی ٹی ڈی اہلکاروں نے ان دہشت گردوں کو دیر بالا کے علاقے اخگرام واڑئی میں گھیر لیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک جب کہ دیگر فرار ہوگئے، ہلاک دہشت گرد کی شناخت عبدالوہاب کے نام سے ہوئی، اس کے قبضے سے اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمد ہوا ہے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق عبدالوہاب کی گرفتاری پر صوبائی حکومت نے 5 لاکھ روپے انعام مقرر کیا تھا، مذکورہ دہشت گرد پولیس پوسٹ کشورہ مالم جبہ، مالم جبہ ریزارٹ، گرلز مڈل اسکول کشورہ کو تباہ کرنے کے علاوہ پولیس اہلکاروں کے قتل، بم دھماکوں اور پاک فوج کے دستوں پر خودکش حملوں میں بھی ملوث تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔