عوامی مرکز کے قریب کار الٹنے سے2افراد جاں بحق

اسٹاف رپورٹر  منگل 4 فروری 2014
گلستان جوہر کی صفورا چورنگی کے قریب ٹریفک حادثے میں 17 سالہ سالار خان ہلاک ہوگی۔ فوٹو: فائل

گلستان جوہر کی صفورا چورنگی کے قریب ٹریفک حادثے میں 17 سالہ سالار خان ہلاک ہوگی۔ فوٹو: فائل

کراچی: شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں 6 افراد ہلاک جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے ۔

تفصیلات کے مطابق شارع فیصل پر عوامی مرکز کے قریب تیز رفتار کار کھمبے سے ٹکراگئی جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک ہوگئے، بہادرآباد پولیس کے مطابق متوفیان کی شناخت 25 سالہ ہارون اور35 سالہ عارف کے نام سے کی گئیں ،دونوں سہراب گوٹھ کے رہائشی تھے، پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا ،کار کی رفتار اتنی تیز تھی کہ وہ کھمبے سے ٹکرا کر الٹ گئی جس کے نتیجے میں کار میں سوار دونوں نوجوان موقع پر ہی دم توڑگئے،پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کردیں ، ریسکیو حکام کے مطابق سپر ہائی وے پر احسن آباد کے قریب ٹریفک حادثے میں 55سالہ لئیق اکبر ہلاک ہوگیا جس کی لاش عباسی شہید اسپتال پہنچائی گئی،گلستان جوہر کی صفورا چورنگی کے قریب ٹریفک حادثے میں 17 سالہ سالار خان ہلاک ہوگیا جس کی لاش جناح اسپتال پہنچائی گئی ۔

دریں اثنا شارع فیصل پر کارساز کے قریب تیز رفتار گاڑی کی زد میں آکر سڑک عبور کرنے والا 35 سالہ ابراہیم زخمی ہوگیا جسے جناح اسپتال منتقل کیا گیا ،سپر ہائی وے پر ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے والا30 سالہ حسنات کو عباسی اسپتال پہنچایا گیا،ملیر میں ٹرین کی پٹڑی عبور کرتے ہوئے 25 سالہ رختون گل زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کیلیے چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ علاوہ ازیں بلدیہ ٹاؤن کے علاقے مدینہ کالونی میں تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے ایک شخص ہلاک ہوگیا جس کی لاش سول اسپتال پہنچائی گئی ، سینئر ایم ایل او ڈاکٹر آفتاب چنڑ نے بتایا کہ متوفی کی عمر تقریباً 35 برس معلوم ہوتی ہے تاہم فوری طور پر اس کی شناخت نہیں ہوسکی ، علاوہ ازیں شارع فیصل پر اسٹار گیٹ کے قریب بھی تیز رفتار گاڑی کی زد میں آکر ایک شخص ہلاک ہوگیا جس کی لاش جناح اسپتال پہنچائی گئی ، ریسکیو حکام کے مطابق متوفی کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔