چین سے دیوقامت سمندری بچھو کی باقیات دریافت

ویب ڈیسک  جمعرات 21 اکتوبر 2021
اس بچھو کی لمبائی ایک میٹر سے بھی زیادہ ہوا کرتی تھی۔ (فوٹو: سائنس بلیٹن)

اس بچھو کی لمبائی ایک میٹر سے بھی زیادہ ہوا کرتی تھی۔ (فوٹو: سائنس بلیٹن)

شنگھائی: سائنسدانوں نے جنوب مشرقی چین کے علاقے ’’شیوشان فارمیشن‘‘ سے 43 کروڑ 50 لاکھ سال قدیم سمندری بچھو کے رکازات (فوسلز) دریافت کیے ہیں جو شاید اپنے زمانے کا ایک خونخوار سمندری درندہ بھی تھا۔

بتاتے چلیں کہ چین کا یہ علاقہ آج سے 43 کروڑ سال پہلے سمندری تہہ میں، قطب جنوبی سے کچھ دوری پر واقع تھا جو آہستہ آہستہ حرکت کرتا ہوا اپنی موجودہ حالت تک پہنچ گیا۔

شیوشان فارمیشن سے دریافت ہونے والے اس قدیم و معدوم بچھو کا نام ’’مکسوپٹیرڈ یورپٹیرڈ‘‘ (mixopterid eurypterid) رکھا گیا ہے جو ایک میٹر (39 سینٹی میٹر) سے بھی زیادہ لمبا ہوا کرتا تھا۔

یہاں سے مکسوپٹیرڈ بچھو کے کئی رکازات مل چکے ہیں جن کے تفصیلی معائنے سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ کروڑوں سال قدیم جانور غیرمعمولی طور پر آج کے بچھو جیسا تھا، لیکن جسامت میں اس سے کئی گنا بڑا تھا۔

اس کے دیگر جسمانی خدوخال کی بنیاد پر اندازہ ہوتا ہے کہ یہ سمندر میں رہنے والا ایک بے رحم شکاری تھا جو چھوٹے سمندری جانوروں کو اس طرح جکڑ لیتا تھا کہ جیسے انہیں کسی ٹوکری میں بند کردیا گیا ہو۔

نوٹ: اس خطرناک اور قدیم سمندری بچھو کی تفصیلات آن لائن ریسرچ جرنل ’’سائنس بلیٹن‘‘ کے تازہ شمارے میں شائع ہوئی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔