ٹی20 ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ میں سری لنکا نے نمیبیا کو ہرا دیا

ویب ڈیسک  پير 18 اکتوبر 2021
سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے نمیبیا کو بیٹنگ کی دعوت دی، فوٹو: فائل

سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے نمیبیا کو بیٹنگ کی دعوت دی، فوٹو: فائل

ابوظہبی: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں سری لنکا نے نمیبیا کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات میں ٹی-20 ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ میں گروپ اے کی ٹیموں سری لنکا اور نمیبیا کے درمیان میچ کھیلا جا رہا ہے۔ جس میں نمیبیا کی پوری ٹیم آخری اوور میں 96 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔

سری لنکا نے 97 رنز کا آسان ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر 14 ویں اوور میں مکمل کرلیا۔ سری لنکا کے بلے باز بھانوکا راجپکسا نے 42 رنز کی بہترین اننگ کھیلی جب کہ ان کا ساتھ اویشکا فرنانڈو نے 30 رنز بناکر دیا۔

قبل ازیں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں کوالیفائی کے لیے کھیلے جانے والے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر نمیبیا کو بیٹنگ کی دعوت دی تاہم لڑکھڑاتی بیٹنگ لائن 14 اوورز میں 73 رنز بنا پائی اور اگلے پانچ اوور میںتمام کھلاڑی بھی ایک ایک کرکے پویلین لوٹ گئے۔

نمیبیا کی جانب سے کریگ ولیم 36 گیندوں پر 29 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے جب کہ ان کا ساتھ گیرہارڈ ایرزیزم نے 19 گیندوں پر 20 رنز بناکر دیا تاہم اس کے بعد کوئی بھی بلے باز وکٹ پر ٹھہر نہ سکا تھا۔

سری لنکا کی جانب سے مہیش تھیکشانا نے 3 جب کہ لاھیرو کمارا اور ونندو ہاسارانگا نے دو دو وکٹیں لیں۔

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔