ٹی 20 وارم اپ میچ؛ بھارت نے انگلینڈ کو شکست دیدی

ویب ڈیسک  پير 18 اکتوبر 2021
بھارت نے یہ ہدف تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، فوٹو: فائل

بھارت نے یہ ہدف تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، فوٹو: فائل

 دبئی: دبئی میں کھیلے جانے والے ٹی 20 ورلڈ کپ وارم اپ میچ میں انگلش بلے باز معین علی کی چھٹی وکٹ پر صرف 20 گیندوں پر 43 رنز کی جارحانہ اننگ کے باوجود بھارت نے انگلینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے وارم اپ میچ میں بھارت اور انگلینڈ مدمقابل تھے۔ جس میں انگلینڈ نے چھٹی وکٹ کی شراکت پر معین علی کے قیمتی 43 انفرادی رنز کے باعث بھارت کو 189 رنز کا ہدف دیا۔

بھارتی ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 19 ویں اوور میں 192 رنزز بناکر فتح اپنے نام کرلی۔ ٹاپ اسکورر اشان کیشن رہے۔

بھارتی اوپنر لوکیش راہول نے ٹیم کو بہترین آغاز دیا اور 24 گیندوں پر جارحانہ 51 رنز بناکر آوٹ ہوئے جب کہ ان کے جوڑی دار اشان کیشن 70 رنز بناکر ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے اور اس سے قبل ویرات کوہلی 13 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

قبل ازیں بھارتی کپتان نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ انگلش بلے بازوں نے اعتماد کے ساتھ آغاز کیا لیکن بھارتی باؤلر محمد شامی نے اس اعتماد کو پاش پاش کردیا اور اوپنرز کو 16 اور 18 کے انفرادی اسکورز پر پویلین کی راہ دکھا دی۔

اس کے بعد جونی بیرسٹو نے بھارتی باؤلرز کی گیندوں کو کئی بار پویلین سے باہر پھینکا اس موقع پر بھارتی باؤلر بومراہ ٹیم کی لاج رکھی اور جونی کو 49 کے رنز پر کلین بولڈ کردیا۔ جب کہ ایک وکٹ راہول چہار نے بھی حاصل کی۔

انگلینڈ کی جانب سے جونی بیرسٹو نے بھارتی باؤلر کا خوب ڈٹ کر مقابل کیا اور 49 رنز کی بہترین اننگ کھیلی جب کہ ان کا ساتھ لیام لیونگسٹون نے 30 قیمتی رنز بنا کر دیا اور ان کے بعد رہی سہی کسر معین علی نے 20 گیندوں پر 43 رنز بناکر پوری کردی۔

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔