4 بالز پر چار وکٹیں؛ آئرش بولرکی ریکارڈ بک میں دبنگ انٹری

اسپورٹس ڈیسک  منگل 19 اکتوبر 2021
مختصر فارمیٹ کے ورلڈ کپ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے دوسرے کرکٹر۔ فوٹو: آئی سی سی

مختصر فارمیٹ کے ورلڈ کپ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے دوسرے کرکٹر۔ فوٹو: آئی سی سی

ابوظبی: آئرش بولر کرٹس کیمفر نے ٹی 20 کرکٹ کی ریکارڈ بک میں دبنگ انٹری دے دی، انھوں نے نیدرلینڈز کے خلاف 4 بالز پر اتنے ہی کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے کا کارنامہ انجام دے دیا۔

ٹی 20 ورلڈ کپ کے ابتدائی راؤنڈ میں آئرش بولرکرٹس کیمفر نے نیدرلینڈز سے میچ میں 4 گیندوں پر 4 وکٹیں اڑا دیں،اس شاندار بولنگ کی وجہ سے ڈچ سائیڈ 51 رنز 2 وکٹ سے 51 رنز 6 وکٹ تک محدود ہوگئی تھی۔

میڈیم پیسر نے پہلے کولن ایکرمین کو ریویو کی مدد سے وکٹوں کے عقب میں شکار بنایا،ان کے اگلے اوور کی پہلی گیند پر ریان ٹین ڈوئچے ایل بی ڈبلیو ہوئے، اسکاٹ ایڈورڈز کو بھی ریویو پر ایل بی ڈبلیو قرار دیا گیا، رولوف وان ڈیر میرو نے ان سائیڈ ایج پر بولڈ ہو کر وکٹ گنوا دی۔

کیمفر ٹی 20 انٹرنیشنل میں 4 بالز پر 4 شکار کرنے والے تیسرے کھلاڑی ہیں، ان سے قبل افغانستان کے لیگ اسپنر راشد خان نے فروری 2019 میں آئرلینڈ کیخلاف یہ کارنامہ انجام دیا تھا، سری لنکن فاسٹ بولر لسیتھ مالنگا نے بھی اسی سال ستمبر میں نیوزی لینڈ کیخلاف 4 گیندوں پر اتنی ہی وکٹیں لیں۔ جرمنی کی انورادھا ڈوڈابالاپور اگست 2020 میں آسٹریا کے خلاف یہ اعزاز حاصل کرنے والی پہلی خاتون کرکٹر بنیں۔

کیمفر آئرلینڈ کی جانب سے انٹرنیشنل ٹی 20 ہیٹ ٹرک کرنے والے پہلے کھلاڑی ہیں، ٹی 20 ورلڈ کپ میں یہ کارنامہ انجام دینے والے وہ دوسرے بولر بنے،ان سے قبل آسٹریلوی بریٹ لی 2007 کے ابتدائی ایڈیشن میں بنگلہ دیش کیخلاف تین بالز پر اتنی ہی وکٹیں لے چکے ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔