T20 ورلڈ کپ؛ بولرز کا راج، چھکوں و چوکوں کی برسات نہ ہو سکی

اسپورٹس رپورٹر  منگل 19 اکتوبر 2021
نمیبیا96پرڈھیر،تھکشانا نے3شکار کیے، سری لنکا نے ہدف 3وکٹ پرحاصل کرلیا، راجا پکسے42پر ناٹ آؤٹ رہے۔ فوٹو : فائل

نمیبیا96پرڈھیر،تھکشانا نے3شکار کیے، سری لنکا نے ہدف 3وکٹ پرحاصل کرلیا، راجا پکسے42پر ناٹ آؤٹ رہے۔ فوٹو : فائل

لاہور: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں کوالیفائنگ راؤنڈ کے دوسرے روز بولرز کا راج رہا اور چھکوں، چوکوں کی برسات نہ ہو سکی۔

ابوظبی میں گروپ ’’بی‘‘ میچ میں نیدر لینڈز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا،اوپنر میکس اوڈوڈ کا دوسرے اینڈ سے کوئی ساتھ نہیں دے سکا،بین کوپر(0)پہلے ہی اوور میں رن آؤٹ ہوئے، بیس ڈی لیڈ7رنز بنا سکے،10ویں اوور میں ٹوٹل 51تھا کہ کرٹس کیمفرنے کولن ایکرمین(11)کے بعد اگلی تینوں گیندوں پر ریان ٹین ڈوئچے، اسکاٹ ایڈورڈزاور ریلوف وین ڈرو مرو کو کھاتہ کھولنے سے قبل چلتا کردیا۔

اس تباہ کاری کے بعد میکس اوڈوڈ کی اننگز 51پر ختم ہوئی،مارک آڈیر کے آخری اوور میں ایک رن آؤٹ سمیت 3وکٹیں گریں،پیٹر سالار(21)، لوگان وین بیک (11)اور برینڈن گلوور(0)پویلین لوٹے، نیدر لینڈز کی ٹیم 106رنز تک محدود رہی، کرٹس کیمفر4اور مارک آڈیر 3وکٹیں لے اڑے۔

جواب میں آئرلینڈ کے کیون اوبرائن9اوراینڈی بلبرین8تک محدود رہے، پال اسٹرلنگ کو ڈراپ کیچ سے موقع ملا،گیراتھ ڈیلانی 44رنز بناکر ساتھ چھوڑ گئے،آئرش ٹیم نے ہدف 29بالز قبل حاصل کرتے ہوئے 7وکٹ سے فتح پائی،پال اسٹرلنگ30اورکرٹس کیمفر 6پر ناٹ آؤٹ رہے۔

دوسرے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا،نمیبیا کے اوپنرز اسٹیفن بارڈ7اورزان گرین 8رنز بناسکے،13ویں اوور میں گیر ہارڈ ایراسمس کی مزاحمت 20پر ختم ہوئی تو ٹوٹل 68تھا،اس کے بعد کریگ ولیمز(29)رنز بھی رخصت ہوگئے،ڈیوڈ ویزا6، جان فری لنک2اور جان نکول 3تک محدود رہے،روبن ٹرمپل مین اور پکی یا فرانس نے ایک ایک رن بنایا، برنارڈ شولز کھاتہ بھی نہیں کھول پائے،جب پوری ٹیم 96پر ڈھیر ہوئی تو اننگز کی 3گیندیں باقی تھیں، مہیش تھکشانا نے3 وکٹیں لیں۔

جواب میں سری لنکن بیٹنگ بھی ڈگمگاگئی،کوشل پریرا(11)کے بعد دوسرے اوپنر پتھم نساکا(5)بھی جلد وکٹ گنوا بیٹھے،دنیش چندیمل(5)آؤٹ ہوئے تو مجموعہ 26تھا،بھانوکا راجا پکسا نے 27گیندوں پر 42اور اویشکا فرنانڈو نے 30پر ناقابل شکست رہتے ہوئے ہدف13.3اوورز میں حاصل کرلیا،ٹیم نے 7وکٹ سے فتح پائی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔