بنگلہ دیش فکسنگ کیس کا فیصلہ رواں ماہ سنادیا جائیگا

اسپورٹس ڈیسک  منگل 4 فروری 2014
سماعت کا آغاز 19 جنوری سے ہوا جس میں تمام 9 ملزمان پیش ہوئے  ۔ فوٹو وکی پیڈیا

سماعت کا آغاز 19 جنوری سے ہوا جس میں تمام 9 ملزمان پیش ہوئے ۔ فوٹو وکی پیڈیا

ڈھاکا: بنگلہ دیش پریمیئر لیگ فکسنگ کیس کا فیصلہ رواں ماہ کے آخر میں سنایا جائے گا۔

اینٹی کرپشن ٹریبونل سماعت جمعرات کو مکمل کرلے گا، دونوں فریقین کو دلائل دینے کیلیے دو ہفتے دیے جائیں گے، سزائوں کا اعلان بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کرے گا۔ تفصیلات کے مطابق بی پی ایل میں سامنے آنے والے فکسنگ اسکینڈل کے کیس کا فیصلہ رواں ماہ کی 26 اور27 تاریخ کو سنایا جائے گا جبکہ اس کا باقاعدہ اعلان بی سی بی کرے گا، ٹریبونل کی سماعت جمعرات کو مکمل ہورہی ہے جس کے بعد پلیئرز اور استغاثہ کو دلائل کیلیے دو ہفتے دیے جائیں گے، ٹریبونل کی سماعت کا آغاز 19 جنوری سے ہوا جس میں تمام 9 ملزمان پیش ہوئے جن میں انگلینڈ کے ڈیرن اسٹیون، سابق بنگلہ دیشی کپتان محمد اشرفل اور مشرف حسین بھی شامل تھے۔

ان میں سے 7 پر براہ راست فکسنگ میں ملوث ہونے جبکہ دو کھلاڑیوں پر فکسنگ کی پیشکش کی آفیشلز کو رپورٹ نہ کرنے کا الزام ہے، ان کھلاڑیوں کو بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن کوڈ کے آرٹیکل 6 کے تحت سزائیں دی جائیں گی۔ محمد اشرفل پہلے ہی اس بات کا اعتراف کرچکے ہیں کہ وہ بی پی ایل میں فکسنگ میں ملوث رہے، انھیں اس بات کا یقین ہے کہ اعتراف جرم کی وجہ سے ان سے نرمی برتی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔