سیلابی ریلے میں مندر جانے کیلیے ’دیگچا‘ دلہا دلہن کی سواری بن گیا

ویب ڈیسک  منگل 19 اکتوبر 2021
کیرالہ میں سیلابی ریلے نے تباہی مچادی ہے، فوٹو: ویڈیو گریب

کیرالہ میں سیلابی ریلے نے تباہی مچادی ہے، فوٹو: ویڈیو گریب

کوچی: بھارتی ریاست کیرالہ میں بارش اور سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی تاہم اس دوران ایک جوڑے نے اپنی شادی کی تقریب کو معطل کرنے کے بجائے انوکھا طریقہ نکال لیا۔

یہ احوال شادی کی اس دلچسپ تقریب کا ہے جس میں سیلاب بھی دلہا دلہن کے ایک ہونے کی خواہش کو روک نہ سکا۔ شادی کی رسومات کے لیے جوڑے کو مندر جانا تھا لیکن گلیوں میں گھٹنوں گھٹنوں سیلابی ریلے کا تیز بہاؤ جوڑے کی امیدوں کو بھی بہا لے جا رہا تھا۔

محبت جب ایک بار اپنی ٹھان لے تو کب ہار مانتی ہے۔ جوڑے نے کوئی سواری نہ ہونے پر کھانا پکانے کے بڑے دیگچے کو سیلابی ریلے میں سفر کرنے کے لیے کشتی بنالیا۔ دلہا دلہن روایتی انداز میں تیار ہوکر دیگچے میں بہتے ہوئے مندر پہنچ گئے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دلہن دلہا دیگچے میں بیٹھے ہیں اور دو پیدل افراد سیلابی ریلے میں چلتے ہوئے دھکا دے رہے ہیں اور یوں یہ جوڑا مندر پہنچنے میں کامیاب رہا۔

مندر میں مختصر سی تقریب میں دونوں شادی کے بندھن میں بندھ گئے اور پھر سے اسی دیگچے میں واپس گھر کو آئے اور اس سارے منظر کی فلم بندی کے لیے فوٹو گرافر بھی موجود تھے۔

دلہا دلہن نے اپنی شادی کو یادگار قرار دیا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔