عوام فاقوں سے مر رہے ہیں اور بےحس حکمران ریاست مدینہ کی بات کر رہا ہے، مریم نواز

ویب ڈیسک  منگل 19 اکتوبر 2021
ملک کاحکم ران اُس ریاست مدینہ کی بات کر رہا ہے، جس کاخلیفہ کندھوں پر بوریاں اٹھا کر غریبوں کے گھروں پر دستک دیتا تھا۔(فوٹو: فائل)

ملک کاحکم ران اُس ریاست مدینہ کی بات کر رہا ہے، جس کاخلیفہ کندھوں پر بوریاں اٹھا کر غریبوں کے گھروں پر دستک دیتا تھا۔(فوٹو: فائل)

 لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ ملک میں عوام فاقوں سے مر رہےہیں، مہنگائی سے تنگ والدین بچوں کو زہر پلا کر خود کشیاں کر رہے ہیں، اورملک کا بے حس حکمران ریاست مدینہ کی بات کر رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں کیا۔ ٹوئٹ میں ان کا کہنا ہے کہ ایک شخص جو وزیراعظم کی کرسی پر قابض ہے وہ بجائے اس کے کہ آئین اور قانون کے تحت معاملات چلاتا ہو وہ جادو ٹونا ، حساب کتاب سے 22 کروڑ کا ملک چلارہا ہے۔

انہوں نے مزید لکھا ہے کہ جس ملک میں عوام فاقوں سے مر رہےہوں، والدین مہنگائی سے تنگ آ کر بچوں کو زہر پلا کر خود کشیاں کر رہے ہوں،اس ملک کاحکم ران اُس ریاست مدینہ کی بات کر رہا ہے، جس کاخلیفہ کندھوں پر بوریاں اٹھا کر غریبوں کے گھروں پر دستک دیتا تھا؟ کیا کوئی شخص ایسا بےحس گونگا بہرا اور اندھا بھی ہو سکتا ہے؟

مریم نواز کا کہنا تھا کہ کوئی اس جعلی اور خدا کے خوف سے عاری حکم ران کو حضرت عمرِ فاروق کا قول یاد کرائے کہ دریا کے کنارے کوئی کتا بھی بھوکا رہ جائے تو جواب دہ عمر ہو گا! عمرِ فاروق رضی اللّہ تعالی عنہ نے اپنےایک کُرتے اور چادر تک کا حساب دیا اور آپ توشہ خانہ ہضم کر گئے؟ اور ڈھٹائی سے کہا نہیں دوں گا جواب؟

مریم نواز نے مزید لکھا کہ ہیلی کاپٹر پر ایک دربار سے دوسرے دربار تک سرکاری خرچ پر سفر کرنے والے کو کیا خبر کہ پاکستان کی عوام پر کیا قیامت گزر رہی ہے؟جس کےکتے بھی اعلیٰ قسم کے گوشت پر پلتے ہوں اسے ریاست مدینہ کا نام زبان پر لاتے ہوئے ہزار بار سوچنا چاہیےلیکن اس سوچ کے لیے بھی دل میں درد ہونا چاہیے، بغض نہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔