كاركن مہنگائی كے خلاف احتجاج كی تیاری كریں، بی این پی

ویب ڈیسک  منگل 19 اکتوبر 2021
پی ڈی ایم كے تحت ہونیوالے مظاہروں میں بھرپور شركت یقینی بنائی جائے، بی این پی ۔ فوٹو : فائل

پی ڈی ایم كے تحت ہونیوالے مظاہروں میں بھرپور شركت یقینی بنائی جائے، بی این پی ۔ فوٹو : فائل

 کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) نے اپنے بیان میں كہا ہے كہ مہنگائی كے خلاف پی ڈی ایم كے زیر اہتمام 20 اكتوبر كو بلوچستان سمیت ملک بھر میں احتجاجی ریلیاں نكالی جائیں گی جس کے لئے پارٹی پی ڈی ایم كی دیگر جماعتوں  كے ساتھ فوری طور پر رابطے كرتے ہوئے احتجاجی ریلیوں سے لائحہ عمل ترتیب دیں۔

بلوچستان نیشنل پارٹی كے مركزی بیان میں كہا گیا ہے كہ مہنگائی كے خلاف پی ڈی ایم كے زیر اہتمام 20 اكتوبر كو بلوچستان سمیت ملك بھر میں احتجاجی ریلیاں نكالی جائیں گی، پارٹی كے تمام اضلاع كو سختی سے ہدایت كی گئی ہے كہ وہ پی ڈی ایم كی دیگر جماعتوں  كے ساتھ فوری طور پر رابطے كرتے ہوئے احتجاجی ریلیوں سے لائحہ عمل ترتیب دیں اور بھرپور انداز میں  مہنگائی كے خلاف احتجاجی ریلیاں  و دیگر پروگرامز كو كامیاب بنائیں، تمام اضلاع كے صدور، جنرل سیكریٹریز، آرگنائزر، ڈپٹی آرگنائزر اس سے متعلق تمام پروگرامز میں پارٹی دوستوں كی شركت كو یقینی بنائیں۔

بی این پی کے بیان میں کہا گیا کہ كوئٹہ میں پی ڈی ایم كی جانب سے پریس كلب كے سامنے دوپہر ریلی نكالی جائے گی، پارٹی ضلع كوئٹہ كے تمام ساتھیوں سے كہا گیا ہے كہ وہ پی ڈی ایم پروگرام میں بروقت شركت كو یقینی بنائیں موجودہ دور حكومت میں مہنگائی اتنی بڑھ چكی ہے كہ لوگ نان شبینہ كے محتاج بنتے جارہے ہیں جب كہ حكمران عالمی مالیاتی اداروں كے سامنے گھٹنے ٹیک چكے ہیں غریب عوام كو نظر انداز كرتے ہوئے حكمران معاشی قتل كر رہے ہیں، بی این پی پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ كے ساتھ مل كر مہنگائی كے خلاف آواز بلند كرے گی عوام كو كسی بھی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے، نا انصافیوں، محرومیوں، مہنگائی، معاشی قتل عام پر خاموش نہیں  رہیں گے۔

مزید کہا گیا کہ بی این پی سردار اختر جان مینگل كی قیادت میں عوام كے ساتھ ہونے والے نا انصافیوں كے خلاف ہمیشہ آواز بلند كرتی رہے گی، اپنا جمہوری كردار ادا كرے گی، بیان كے آخر میں  تمام اضلاع كو ہدایت كی گئی كہ وہ پی ڈی ایم جماعتوں  كے ساتھ روابط قائم كرتے ہوئے ریلیوں  كو كامیاب بنانے میں اپنا كردار ادا كریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔