راولپنڈی میں پی ڈی ایم کا مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

ویب ڈیسک  بدھ 20 اکتوبر 2021
احتجاج میں  جے یو آئی (ف) اور مسلم لیگ (ن) کے مقامی رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی  فوٹو: فائل

احتجاج میں جے یو آئی (ف) اور مسلم لیگ (ن) کے مقامی رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی فوٹو: فائل

 راولپنڈی: اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم نے ملک میں مہنگائی پر حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔

پی ڈی ایم کے اعلان کے مطابق اپوزیشن اتحاد میں شامل جماعتوں کے کارکنوں نے ملک میں مہنگائی پر حکومت کے خلاف راولپنڈی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا، جس میں جے یو آئی (ف) اور مسلم لیگ (ن) کے مقامی رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرے کے دوران حکومت کے خلاف آٹا چور ، بجلی چور اور گیس چور حکومت کے نعرے لگائے گئے۔ مسلم لیگ (ن) کی خواتین کارکنان نے مری روڈ پر دھرنا دے دیا۔

اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم  اورنگزیب نے کہا کہ ملک کی معیشت کا جنازہ نکال دیا گیا ہے، ملک کی سلامتی کو تماشا بنا دیا گیا، حکومت نے عوام کے پاس چینی، دوائی، آٹااور  بچوں کی فیسیں دینے کے پیسے نہیں چھوڑے، یہ ملک ان چوروں کا متحمل نہیں ہوسکتا، ان نالائقوں کو اب گھر جانا ہوگا، انہیں ووٹ دینے والے بھی اب پریشان اور انھیں بددعائیں دے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ ملک میں کمر توڑ مہنگائی پر عوامی رد عمل کے بعد اپوزیشن کی سیاسی جماعتوں نے بھی حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک کا اعلان کررکھا ہے، جس کے تحت 20 اکتوبر سے پی ڈی ایم ملک بھر میں احتجاجی کرے گی جب کہ پیپلز پارٹی نے بھی احتجاج کی کال دے دی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔