وزیراعظم کی کم آمدنی والوں کیلئے پیٹرول پر سبسڈی دینے پر پلان بنانے کی ہدایت

ویب ڈیسک  بدھ 20 اکتوبر 2021
وزیراعظم کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں کا اہم اجلاس، اپوزیشن کی حکومت مخالف تحریک سے نمٹنے کی حکمت عملی پر غور فوٹو:فائل

وزیراعظم کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں کا اہم اجلاس، اپوزیشن کی حکومت مخالف تحریک سے نمٹنے کی حکمت عملی پر غور فوٹو:فائل

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کم آمدنی والوں کے لئے پیٹرول پر سبسڈی دینے پر پلان بنانے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں کا اہم اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزرائے اعلی، گورنرز، وفاقی وزراء ، پی ٹی آئی کی مرکزی و صوبائی قیادت نے شرکت کی، اجلاس میں  اپوزیشن کی مہنگائی کے خلاف تحریک پر وزیراعظم نے تحریک انصاف کو متحرک کرنے کا فیصلہ کیا۔

اجلاس میں ملک میں مہنگائی کی کمی سے متعلق تجاویز پر مشاورت بھی کی گئی اور ڈینگی کی وباء سے نمٹنے کے لیے حکومتی اقدامات پربھی بات چیت ہوئی ۔ انتخابی اصلاحات کے معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کم آمدنی والوں کے لئے پیٹرول پر سبسڈی دینے پر پلان بنانے کی ہدایت کی جب کہ موٹر سائیکل، رکشہ اور عوامی سواری کو سبسڈی ریٹ پر پیٹرول دینے کا پلان پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔

مہنگائی کم کرنے کے لیے ضلعی سطح پر کمیٹیاں بنانے اور یوٹیلٹی اسٹورز کے ذریعے کم آمدن والے افراد کو ٹارگیٹڈ سبسڈی دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔