خوبرو چینی انفلوئنسر لائیو اسٹریم میں کیڑے مار دوا پینے سے ہلاک

ویب ڈیسک  جمعرات 21 اکتوبر 2021
25 سالہ چینی سوشل میڈیا انفلوئنسر لو ژیاؤ نے ایک مداح کے کہنے پر لائیو اسٹریم میں کیڑے مار دوا پی لی جس سے ان کی موت واقع ہوگئی۔ فوٹو: میٹرونیوز

25 سالہ چینی سوشل میڈیا انفلوئنسر لو ژیاؤ نے ایک مداح کے کہنے پر لائیو اسٹریم میں کیڑے مار دوا پی لی جس سے ان کی موت واقع ہوگئی۔ فوٹو: میٹرونیوز

بیجنگ: چینی ویڈیو فنکارہ اور انفلوئنسر نے شائقین کے اکسانے پر لائیو اسٹریم میں کیڑے مار دوا پی لی جس سے ان کی موت واقع ہوگئی ہے۔

25 سالہ خوبرو ژیاؤ ماؤ ماؤ ژی پہلے ہی شدید ذہنی تناؤ کی شکار تھیں اور چند روز قبل وہ چینی سوشل میڈیا ایپ ’ڈویین‘ پر موجود تھیں۔ براہِ راست نشریات کےدوران انہوں نے کہا کہ ان کے دوست جانتے ہیں کہ وہ شدید ڈپریشن کی وجہ سے دو ماہ ہسپتال میں گزار کر آئی ہیں۔

واضح رہے اپنی ذہانت اور خوبصورتی کی وجہ سے وہ بہت مقبول ہوئیں تاہم صرف 38 ویڈیوز کی بنا پر ان کے مداحوں کی تعداد سات لاکھ کے قریب پہنچ چکی ہے۔  تاہم ان کے قریبی دوست نےبتایا کہ کسی نے انہیں کیڑے مار دوا پینے پر اکسایا جس کے بعد ان کی طبعیت بگڑ گئی ۔ انہیں فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی جان بچانے کی بھرپور کوشش کی لیکن وہ جانبر نہ ہوسکیں۔

ان کی موت کے بعد ویڈیو اور اسکرین شاٹس تیزی سے وائرل ہونے لگے۔ بعض مقامات پر شائقین کہتے ہیں کہ ’اسے (کیڑے مار دوا) کو جلدی پیو،‘ جبکہ کچھ لوگوں نے وہاں سے پولیس اور امدادی کارکنوں کو مدد کے لیے فون بھی کیا۔

لو ژیاؤ کے قریبی دوست نے بتایا کہ وہ خودکشی نہیں کرنا چاہتی تھیں بلکہ کیڑے مار دوا اپنے ساتھ ویڈیو میں رکھ کر صرف اپنے پرانے محبوب کی توجہ چاہتی تھیں جو کچھ عرصے قبل منہ پھیر چکا تھا۔ تاہم خاتون کے اہلِ خانہ نے لائیو اسٹریم میں موجود ان تمام افراد پر مقدمے کا فیصلہ کیا ہے جن کے اکسانے پر خاتون نے زہر پیا اور ہلاک ہوگئیں۔

اس ضمن میں وکیل سے رابطہ بھی کیا گیا ہے جس میں لائیواسٹریم کے پیغامات کو جان بوجھ کر خودکشی کی ترغیب کا مقدمہ دائر کیا گیا ہے۔ دوسری جانب لڑکی کے والدین نے کہا ہے کہ چینی آن لائن پلیٹ فارم خودکشیوں کی روک تھام میں بھی ناکام رہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔