حکومت کا زرعی مشینری کی تیاری کو فروغ دینے کا فیصلہ

حسیب حنیف  جمعرات 21 اکتوبر 2021
مقامی سطح پر زرعی مشینری کی تیاری کے لیے مراعات بھی دی جائیں گی،ذرائع ۔ فوٹو : فائل

مقامی سطح پر زرعی مشینری کی تیاری کے لیے مراعات بھی دی جائیں گی،ذرائع ۔ فوٹو : فائل

 اسلام آباد: وفاقی حکومت کی جانب سے مقامی سطح پر زرعی مشینری کی تیاری کو فروغ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وفاقی حکومت زرعی مشینری کی تیاری کے لیے مراعات بھی دے گی، کابینہ کے آئندہ اجلاس میں زرعی فارم میکنائزیشن پر وزارت غذائی تحفظ و تحقیق زرعی مشینری کو مقامی سطح پر تیاری کے سلسلے میں بریفنگ دے گی۔

ایکسپریس کو حاصل دستاویز کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے ملک میں مقامی سطح پرزرعی مشینری اور آلات کی تیاری کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے وزارت غذائی تحفظ و تحقیق کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت پاکستان میں زرعی مشینری ہارویسٹر، کرشر، پولٹری فیڈ مشینری سمیت دیگر مشینری مقامی سطح پر بہت کم پیمانے پر اور کم کوالٹی میں تیار کی جاتی ہے جبکہ بیرون ملک سے جو مشینری درآمد کی جاتی ہے اس پر اتنی ڈیوٹیز ہوتی ہیں جو عام کاشت کار کے لیے خریدنا انتہائی مشکل ہوتا ہے۔

مشینری امپورٹ کرنے والے درآمد کنندگان کو بھی اچھا منافع نہ ہونے کی وجہ سے درآمدات بھی بہت کم ہوتی ہیں جس کی وجہ سے حکومت نے مقامی سطح پر زرعی مشینری کی تیاری کا فیصلہ کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔