کراچی گرین لائن پروجیکٹ کے لیے مزید 40 بسیں پہنچ گئیں

ویب ڈیسک  جمعرات 21 اکتوبر 2021
گرین لائن بس کی کمرشل آپریشن کی تیاریاں مقررہ ہدف کے مطابق چل رہی ہیں، اسد عمر  فوٹو: فائل

گرین لائن بس کی کمرشل آپریشن کی تیاریاں مقررہ ہدف کے مطابق چل رہی ہیں، اسد عمر فوٹو: فائل

 کراچی: گرین لائن بس پروجیکٹ کے لیے مزید 40 بسیں پہنچ گئی ہیں جس کے بعد اس پروجیکٹ کے لیے لائی گئی بسوں کی تعداد 80 ہوگئی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات سمندری جہاز ایم وی آئی وی وائے مزید 40 گرین بسیں لے کراچی کی بندرگاہ پر لنگر انداز ہوگیا، جس کے بعد اب کراچی میں آنے والی گرین بسوں کی تعداد 80 ہوگئی ہے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے بھی ٹوئٹر پر بسوں کے کراچی پورٹ پہنچنے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ گرین لائن منصوبے کے لیے 40 بسوں کی دوسری کھیپ کراچی پہنچ گئی، اب تمام 80 بسیں کراچی پہنچ چکی ہیں، گرین لائن بس کی کمرشل آپریشن کی تیاریاں مقررہ ہدف کے مطابق چل رہی ہیں۔

گرین بسیں لاہور، راولپنڈی اور پشاور کی بسوں سے زیادہ جدید

کراچی گرین لائن منصوبے کے لیے بسیں فراہم کرنے والی کمپنی کے مطابق کراچی کی بسیں لاہور، اسلام آباد اور پشاور میں چلنے والی بسوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ جدید ہیں، یہ بسیں یورو تھری معیار کی اور ہائبرڈ ہیں ، ان میں ڈیزل کے ساتھ خودکار طریقے سے چارج ہونے والی بیٹری بھی استعمال ہوگی جس سے ایندھن کی بچت کے ساتھ ماحول کو بھی فائدہ ہوگا۔ بسوں میں خصوصی سسٹم نصب ہے جو انجن میں آگ لگنے کی صورت میں خودکار طریقے سے آگ بجھائے گا۔

18 میٹر لمبی بسوں میں 40 نشستیں ہیں۔ کھڑے ہوکر اور نشستوں پر بیک وقت 150 افراد سفر کرسکیں گے، زیادہ رش کی صورت میں 190 مسافروں کی گنجائش ہوگی۔ بسوں میں معذور افراد کے لیے جگہ خصوصی ہے اور خودکار ریمپ نصب ہے۔ ہر بس میں دو وہیل چیئرز کی جگہ مخصوص ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔