بھارت میں 70 سالہ خاتون نے بچے کو جنم دے دیا

ویب ڈیسک  جمعرات 21 اکتوبر 2021
اس عمر میں خاتون کا بغیر کسی پیچیدگی کے بچے کو جنم دینا ایک معجزہ ہے، ڈاکٹر

اس عمر میں خاتون کا بغیر کسی پیچیدگی کے بچے کو جنم دینا ایک معجزہ ہے، ڈاکٹر

نئی دہلی: بھارتی ریاست گجرات میں 70 سالہ خاتون نے بچے کو جنم دے کر سب کو حیران کردیا۔

گجرات کے علاقے بھوج میں خاتون جیونبن ربری کے ہاں ان ویٹرو فرٹیلائزیشن (آئی وی ایف) طریقہ کار کے ذریعے آپریشن سے بچے کی پیدائش ہوئی۔

خاتون کے ڈاکٹر نریش بھانوشالی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ اس نے مصنوعی حمل کاری کے ذریعے (آئی وی ایف) کے ذریعے ایک ہزار سے ڈلیوری کیسز میں مدد کی ہے لیکن اس عمر میں خاتون کا بغیر کسی پیچیدگی کے بچے کو جنم دینا ایک معجزہ ہے، خاتون کے بڑھاپے اور ضعیفی کی وجہ سے پہلے پہل تو میں بھی اس کیس کو لینے میں ہچکچا رہا تھا لیکن دونوں میاں بیوی کو بہت زیادہ بچے کی خواہش تھی اور برسوں سے وہ اولاد کے لیے تڑپ رہے تھے، لہذا ہم نے ان کی مدد کرنے کا فیصلہ کیا۔

ڈاکٹر نے بتایا کہ زچہ اور بچہ دونوں خیریت سے ہیں اور مسلسل زیر نگرانی ہیں، میاں بیوی دونوں اس عمر میں اولاد کی نعمت پاکر بہت خوش ہیں، بچہ بھی صحت مند ہے۔

ان ویٹرو فرٹیلائزیشن (آئی وی ایف) طریقہ کار میں عموماً لیبارٹری میں مصنوعی طور پر بچوں کی پیدائش کے تولیدی عمل کا آغاز کیا جاتا ہے۔ اس طریقے کو ٹیسٹ ٹیوب بے بی بھی کہا جاتا ہے۔ واضح رہے کہ بھارت میں اس سے قبل بھی ریاست ہریانہ میں ایک 70 سالہ خاتون کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوچکی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔