امریکا کی افغانستان میں موجودگی کا کچھ فائدہ نہیں ہوا، کرزئی

خبر ایجنسیاں  منگل 4 فروری 2014
افغان صدارتی انتخابات میں11 امیدوار میدان میں آگئے، فوٹو: فائل

افغان صدارتی انتخابات میں11 امیدوار میدان میں آگئے، فوٹو: فائل

کابل / لندن / برلن / بخارسٹ: افغان صدر حامد کرزئی نے کہا ہے کہ امریکا کی افغانستان میں موجودگی کا کوئی فائدہ نظرنہیں آیا، امریکی ہمارے خلاف کام کرتے رہے۔

جنوبی افریقہ کے سابق صدر نیلسن منڈیلا کی آخری رسومات کے موقع پر صدر اوباما سے آمنا سامنا ہوا تھا لیکن کوئی بات نہیں کرسکے۔ برطانیہ نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات بہتر بنانے میں مدد دی ہے۔ برطانوی اخبار دی سنڈے ٹائمز کو دیے جانے والے ایک انٹرویو میں افغان صدر نے کہا کہ امریکیوں نے ان کیلیے کوئی کام نہیں کیا بلکہ ان کے خلاف کام کرتے رہے۔ انھوں نے طالبان کو اپنے بھائی اور امریکیوں کو مخالف قرار دیا۔ افغان صدر نے کہا کہ انھوں نے گزشتہ سال جون میں اوباما سے آخری بار بات کی تھی جس کے بعد سے دونوں رہنمائوں کے درمیان کوئی گفتگو نہیں ہوئی۔

افغان صدر نے الزام عائد کیا کہ امریکا کو جو رقم افغان پولیس کو دینا چاہیے تھی وہ اس نے نجی سیکیورٹی اداروں کو دی اور قبائلی لشکر تشکیل دینے پر خرچ کردی جن کے نتیجے میں بدامنی، بدعنوانی اور ڈکیتیوں کو فروغ ملا۔ دوسری طرف افغان صدارتی انتخاب میں افغان صدر کے بھائی سمیت11امیدوار میدان میں آگئے۔ کابل کے مدرسے میں خودکش بم دھماکے کے نتیجے 2 طالب علم زخمی ہوگئے۔ صوبہ افرا میں فورسز طالبان کے حملہ میں 4 سیکیورٹی اہلکار اور جوابی کارروائی میں11شدت پسند ہلاک ہو گئے۔ علاوہ ازیں رومانیہ نے اپنا آخری فوجی مشن افغانستان روانہ کردیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔