آخری گروپ میچ نمیبیا اور آئرلینڈ کیلیے فائنل بن گیا

اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 22 اکتوبر 2021
نیدرلینڈز نے بھی سری لنکا کو اپ سیٹ کرنے کا خواب آنکھوں میں سجا لیا
 فوٹو : فائل

نیدرلینڈز نے بھی سری لنکا کو اپ سیٹ کرنے کا خواب آنکھوں میں سجا لیا فوٹو : فائل

شارجہ: نمیبیا اور آئرلینڈ کیلیے آخری گروپ میچ فائنل بن گیا جب کہ جمعے کے مقابلے کی فاتح سائیڈ سپر 12 راؤنڈ کا ٹکٹ کٹوالے گی۔

جمعے کے روز آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے ابتدائی راؤنڈ کے آخری 2 میچز کھیلے جائیں گے، گروپ اے میں سے سری لنکا پہلے ہی 2 فتوحات کے ساتھ سپر 12 راؤنڈ میں سیٹ بک کراچکا ہے جبکہ نمیبیا اور آئرلینڈ کے درمیان دوسری خالی جگہ پر کرنے کیلیے سخت مقابلہ متوقع ہے، دونوں ہی ٹیموں کو سری لنکا کے ہاتھوں شکست ہوئی جبکہ دونوں نے ہی نیدرلینڈز کو مات دی ہے، اب آپس میں دودو ہاتھ کرنے والی ہیں۔

آگے بڑھنے کیلیے آئرش سائیڈ کو خاص طور پربیٹنگ کے شعبے میں بہتر پرفارمنس کا مظاہرہ کرنا ہوگا، اگرچہ اپنے ابتدائی معرکے میں انھیں ڈچ سائیڈ کے خلاف زیادہ محنت نہیں کرنا پڑی مگر آئی لینڈرز سے میچ میں ہر کوئی بری طرح ناکام ثابت ہوا، 70 رنز کی اس شکست میں صرف اینڈریو بالبرائن ہی 41 رنز کے ساتھ کچھ مزاحمت کرپائے تھے۔

جہاں تک بولنگ ڈپارٹمنٹ کی بات ہے تو پیسرز کرٹس کیمفر، جوشوا لٹل اور مارک ایڈیئر بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرچکے اور نمیبیا کے خلاف بھی ان سے فتح گر پرفارمنس کی توقع کی جارہی ہے۔

دوسری جانب سری لنکا کے خلاف میچ میں 96 رنز پر آؤٹ ہونے والی نمیبیا کی ٹیم نے ڈچ سائیڈ سے میچ میں 2 اوورز قبل ہی 165 رنز کا ہدف حاصل کرلیا تھا جس سے اس کے حوصلے بلند اور وہ بھی اگلے مرحلے میں جگہ بنانے کیلیے کافی پرامید ہے۔

ادھر سری لنکا ناقابل شکست رہتے ہوئے سپر 12 میں قدم رکھنا چاہتا ہے، اس کا مقابلہ آخری گروپ میچ میں نیدرلینڈز سے ہے جوکہ اب تک فتح کو ترس رہی ہے، بظاہر کاغذوں پرڈچ سائیڈ آئی لینڈرز کیلیے آسان شکار ثابت ہوسکتی ہے مگر وہ بھی جاتے جاتے ایک کامیابی حاصل کرنے کیلیے پرامید اور اس نے سری لنکا کو اپ سیٹ کرنے کے خواب اپنی آنکھوں میں سجا لیے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔