مریض کے جسم سے 77 پونڈ وزنی گردے نکال دیئے گئے

ویب ڈیسک  جمعـء 22 اکتوبر 2021
یہ مریض ’پی کے ڈی‘ نامی بیماری میں مبتلا تھا جس کے باعث اس کے گردے عام جسامت سے پانچ گنا بڑے ہوگئے تھے۔ (تصاویر: سوشل میڈیا)

یہ مریض ’پی کے ڈی‘ نامی بیماری میں مبتلا تھا جس کے باعث اس کے گردے عام جسامت سے پانچ گنا بڑے ہوگئے تھے۔ (تصاویر: سوشل میڈیا)

لندن: چند ماہ قبل برطانوی شہری وارن ہگز کے گردے حد سے زیادہ بڑے اور وزنی ہونے کی وجہ سے نکال دیئے گئے جن کا مجموعی وزن 77 پونڈ معلوم ہوا ہے۔

اگرچہ یہ اب تک کی تاریخ میں سب سے بڑے انسانی گردے ہیں لیکن ان کی اسی بڑی جسامت کی وجہ سے مریض کی جان پر بن آئی تھی۔

تفصیلات کے مطابق، وارن ہگز کو ’’پولی سسٹک کڈنی ڈزیز‘‘ (پی کے ڈی) کہلانے والی ایک بیماری تھی جس کی وجہ سے اس کے گردے اتنے بڑے ہوگئے کہ اس کا اٹھنا بیٹھنا اور چلنا پھرنا تک مشکل ہوگیا۔

یہی نہیں بلکہ اس کا کا پیٹ بھی غیر معمولی طور پر پھول گیا تھا۔

اس کی حالت دیکھ کر چرچل ہاسپٹل آکسفورڈ کے ڈاکٹروں نے فیصلہ کیا کہ آپریشن کرکے یہ دونوں گردے نکال دیئے جائیں ورنہ مریض کی جان بھی جاسکتی ہے۔

دو گھنٹے کے محتاط آپریشن کے بعد وارن ہگز کے گردے نکال دیئے گئے اور جب ان کا وزن کیا گیا تو معلوم ہوا کہ وہ جسامت میں عام اور صحت مند انسانی گردوں کے مقابلے میں پانچ گنا بڑے، جبکہ مجموعی طور پر 77 پونڈ وزنی ہیں۔

یہ گردوں کی جسامت اور وزن کے حوالے سے عالمی ریکارڈ بھی ہے۔

سب سے وزنی انسانی گردوں کا سابقہ عالمی ریکارڈ ایک بھارتی شہری کا تھا، جو 16.3 پونڈ وزنی تھے۔ انہیں بھی اس شخص کی جان بچانے کےلیے آپریشن کرکے نکال باہر کیا گیا تھا۔

اب وارن ہگز کو بڑے گردوں اور تکلیف، دونوں سے نجات مل گئی ہے لیکن ساتھ ہی ساتھ اسے ہر تیسرے دن ڈائیلیسس بھی کروانا پڑتا ہے جو ایک نئی اذیت کا باعث ہے۔

البتہ اس نے اپنا نام گردے کا عطیہ وصول کرنے کے خواہش مند مریضوں میں لکھوا دیا ہے اور اسے امید ہے کہ اگلے چند ماہ میں گردے کا عطیہ بھی مل جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔