دبئی کی معروف بین الاقوامی رئیل اسٹیٹ کمپنیوں نے پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کا اعلان کردیا

نیوز رپورٹر  جمعـء 26 نومبر 2021
اقبال عثمان، ڈائریکٹر ایمریٹس ڈیویلپرز؛ عمران فاروق، چیف ایگزیکٹو، سمانا ڈویلپرز؛ حسن افضل خان، کونسل جنرل پاکستان؛ اور ایماد حق، وائس چیئرمین، ایچ اینڈ ایس رئیل اسٹیٹ دبئی میں پریس کانفرنس کے موقع پر تشریف فرما ہیں۔ (فوٹو: رپورٹر)

اقبال عثمان، ڈائریکٹر ایمریٹس ڈیویلپرز؛ عمران فاروق، چیف ایگزیکٹو، سمانا ڈویلپرز؛ حسن افضل خان، کونسل جنرل پاکستان؛ اور ایماد حق، وائس چیئرمین، ایچ اینڈ ایس رئیل اسٹیٹ دبئی میں پریس کانفرنس کے موقع پر تشریف فرما ہیں۔ (فوٹو: رپورٹر)

 اسلام آباد: دبئی کی دو معروف بین الاقوامی رئیل اسٹیٹ کمپنیوں نے پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔ اس ضمن میں دبئی کی نامور رئیل اسٹیٹ کمپنی سمانا ڈیویلپرز اور ایچ اینڈ ایس رئیل اسٹیٹ نے دبئی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران اپنے اشتراک اور پاکستان میں مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں میڈیا کو بتایا۔

اس سے پہلے دونوں اداروں کے اعلی افسران کے درمیان اشتراک کے معاہدے پر دستخط بھی ہوئے۔

پریس کانفرنس کے موقع پر دبئی میں پاکستان کے کونسل جنرل حسن افضل خان، کونسل خانہ اور دونوں کمپنیوں کے اعلی افسران شریک تھے۔

پاکستان کے کونسل جنرل حسن افضل خان نے پاکستان کے رئیل اسٹیٹ شعبے میں اتنی بڑی سرمایہ کاری کا اعلان کرنے پر دونوں کمپنیوں کو مبارک باد دی اور اس مشترکہ معاہدے کو پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کےلیے خوش آئند قرار دیا۔

حسن افضل خان نے کہا کہ یہ سرمایہ کاری متحدہ عرب امارات میں رہنے والے پاکستانیوں کےلیے فخر کی بات ہے کہ امارات کے سرمایہ کار ان کے ملک میں رئیل اسٹیٹ کے شعبہ میں بین الاقوامی معیار کے رئیل اسٹیٹ منصوبے شروع کرنے جارہے ہیں۔

پاکستانی کونسل جنرل حسن افضل خان نے فرمایا کہ سمانا ڈیویلپرز اورایچ اینڈ ایس رئیل اسٹیٹ اپنے وسیع تجربے کی بنیاد پر پاکستان کے رئیل اسٹیٹ کے شعبے میں جدید سہولتوں سے آراستہ منصوبوں کی تکمیل کریں گے جو کہ پاکستان کےلیے ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔

متعدد ایوارڈز یافتہ رئیل اسٹیٹ کمپنی سمانا ڈیویلپرزکا شمار مشرق وسطی کی پہلی 50 رئیل اسٹیٹ کمپنیوں میں جبکہ یو اے ای میں پہلے 20 رئیل اسٹیٹ ڈیویلپرز میں ہوتا ہے۔ 2021 میں سب سے زیادہ رہائشی یونٹ فروخت کرنے پر سمانا ڈیویلپرز دبئی میں 16 ویں نمبر پر آیا ہے۔ یہ نمایاں پوزیشن سمانا ڈیویلپرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عمران فاروق کی وسیع کاروباری حکمت عملی کی عکاس ہے۔

سال 2022 میں سمانا ڈیویلپرز یو اے ای میں پہلے سے زیادہ سرمایہ کاری کرنے کا ارادہ رکھتا ہے جس سے 35 فیصد سیل میں اضافہ ہوگا۔

اس موقع پر عمران فاروق نے کہا کہ ہم پاکستان میں بڑی خواہشات اور مضبوط ارادوں کے ساتھ سرمایہ کاری کرنے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کرنسی میں تنزلی کے باوجود ملک کا رئیل اسٹیٹ شعبہ پہلے سے زیادہ پرکشش ہے۔ پاکستانی عوام بین الاقوامی معیار کے رہائشی منصوبوں کے خواہش مند ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ ہم پاکستان میں نہ صرف مقامی طرز تعمیر بلکہ عالمی معیار کے مطابق رہائشی سہولتوں کو یقینی بنائیں گے، جس طرح کی رہائشی سہولتیں دبئی میں متعارف کرائی گئی ہیں۔ عمران فاروق نے کہا کہ آج کے جدید دور میں ڈیویلپرز کو جدید طرز تعمیر کے رجحانات کو یکجا کرنے کی ضرورت ہے جس طرح کے رجحانات سمانا ڈیویلپرز نے دبئی میں متعارف کروائے ہیں۔

تعمیراتی شعبے میں اس جدت کی وجہ سے سرمایہ کاروں نے سمانا ڈویلپرز کے منصوبوں میں نمایاں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ کورونا کی وبا کے باوجود سمانا ڈیویلپرز کے تعمیراتی منصوبوں میں عوام کی دلچسپی میں کمی نہیں ہوئی اور ہم نے اپنی تعمیراتی سرگرمیوں کو پوری رفتار سے جاری رکھا ہوا ہے۔

پاکستان میں اپنے منصوبوں کی تفصیل بیان کرتے ہوئے عمران فاروق نے کہا کہ ہمارا مقصد پاکستان کوجدید معیار کی مکمل رہائشی کمیونٹی فراہم کرنا ہے، اسی لیے ہم نے ایک پلاٹ کی بجائے کئی بڑے پلاٹ خریدنے کو ترجیح دی تاکہ معیاری رہائشی کمیونٹی کی تمام سہولتیں ایک جگہ پر فراہم کی جاسکیں۔ ہم نے اس بات کا خیال رکھا ہے کہ ’’ایمیرٹس ڈویلپرز‘‘ جو دونوں گروپوں کے اشتراک سے پا کستان میں بنائی گئی رئیل اسٹیٹ کمپنی ہے، اپنے منصوبوں میں فائیو اسٹار معیار کی تمام سہولتوں کو متعارف کرا رہی ہے۔

اس موقع پر ایچ اینڈ ایس رئیل اسٹیٹ کے ڈپٹی چیئرمین ایماد حق نے اس یقین کا اظہار کیا کہ رئیل اسٹیٹ کی دونوں کمپنیوں سمانا ڈیویلپرز اور ایچ اینڈ ایس کی کاروباری سوچ میں ایک زبردست مطابقت ہے جو اپنے وسیع بین الاقوامی تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے پاکستانیوں کو عمدہ رہائشی سہولیات فراہم کریں گے۔

ایماد حق نے بتایا کہ ایمیرٹیس ریزورٹ ان کے پاکستان میں اعلان کردہ منصوبوں میں پہلا منصوبہ ہوگا جو سرسبز اور قدرتی نظاروں سے بھرپور، اسلام آباد اور مری کے قریب ایکسپریس وے پر تعمیر کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ ایمیرٹس ڈیویلپرز اپنا تعمیراتی منصوبہ اگلے سال شروع کرے گی جس کی تکنیکی اور مالی تفصیلات اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران جنوری میں بتائی جائیں گی۔ انھوں نے بتایا کہ ایمریٹس ڈیویلپرز کے منصوبے جدید رہائشی سہولیات اور عالمی معیار کے مطابق ہو نگے۔

رہائشی منصوبوں میں ایک، دو اور تین بیڈرومز کے اپارٹمنٹس اور پینٹ ہاؤسز ہونگے جبکہ ان منصوبوں میں تمام سہولیات میسر ہوں گی جن میں دربان کی خدمات، چوبیس گھنٹے سیکیورٹی، ایمبولینس کی فراہمی، لیموزین، آن ڈیمانڈ سروسز بشمول شیف، نینی، ڈرائیور، فائن ڈائننگ، روف ٹاپ ریسٹورنٹ، باسکٹ بال اور والی بال کورٹ، راک کلائمبنگ، اور بچوں کےلیے کھیل کے میدان وغیرہ شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔