پی ڈی ایم کا کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک گیر احتجاج

ویب ڈیسک  جمعـء 22 اکتوبر 2021
ظالم، کرپٹ اور نالائق حکومت جائے تو ہی عوام کو مہنگائی سے ریلیف ملے گا، رانا ثنااللہ

ظالم، کرپٹ اور نالائق حکومت جائے تو ہی عوام کو مہنگائی سے ریلیف ملے گا، رانا ثنااللہ

لاہور: پی ڈی ایم کی  جانب سے کراچی، لاہور، کوئٹہ اور پشاور سمیت ملک بھر میں بے روز گاری و مہنگائی کے خلاف احتجاج کیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی جانب سے مہنگائی اور بیروزگاری کے خلاف کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک گیراحتجاج ہوا، مختلف شہروں میں پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے قائدین اور کارکنان احتجاجی مظاہروں میں شریک ہوئے اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی گئی۔

مسلم لیگ(ن) پنجاب کے صدر رانا ثناءاللہ نے پنجاب میں مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا شیڈول جاری کردیا ہے، اور ڈاکٹرز، لیبر اور تاجروں سمیت تمام تنظیموں اور ونگز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ملک بھر میں مہنگائی کیخلاف مظاہروں کا شیڈول جاری

شیڈول کے تحت لاہور جین مندر چوک میں نماز جمعہ کے بعد احتجاج ہوا، مظفرگڑھ میں جامع مسجد شہر والی (مین سٹی) سے ریلی نکالی گئی، مری مال روڈ پر شاہد خاقان عباسی کی زیر قیادت احتجاج ہوا، جھنگ میں وقار سی این جی پمپ ایوب چوک میں احتجاج ہوا۔

ملتان میں 24 اکتوبر اتوار کو دوپہر 2 بجے چوک حسین آگاہی سے احتجاجی جلوس نکلے گا، سیالکوٹ میں ہفتے کے روز 3 بجے چوک علامہ اقبال میں مہنگائی کےخلاف احتجاج ہوگا، 23 اکتوبر کو سنگلا نوالہ چوک خانیوال میں احتجاجی مظاہرہ ہوگا، گوجرنوالہ پریس کلب کے سامنے اتوار کو 3بجے احتجاج ہوگا۔

لیگی رہنما رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ عمران نیازی حکومت سے نجات سے ہی مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی تباہی سے قوم کو نجات مل سکتی ہے، یہ ظالم، کرپٹ اور نالائق حکومت جائے تو ہی عوام کو مہنگائی سے ریلیف ملے گا، ظالم حکمرانوں کو گھر بھجوانے کے لئے عوام گھروں سے نکلیں، اس گرتی ہوئی دیوار کو آخری دھکا دیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔