مختلف پروگرامز کے ذریعے کمزور طبقات کو ریلیف فراہم کررہے ہیں، وزیراعظم

ویب ڈیسک  جمعـء 22 اکتوبر 2021
تمام اداروں کو متحرک کرکے عوامی ریلیف کے اقدامات میں تیزی لائی جائے، وزیراعظم ۔ فوٹو:فائل

تمام اداروں کو متحرک کرکے عوامی ریلیف کے اقدامات میں تیزی لائی جائے، وزیراعظم ۔ فوٹو:فائل

لاہور: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مہنگائی کی وجہ سے عام آدمی کی تکلیف سے پوری طرح آگاہ ہیں، حکومت مختلف پروگرامز کے ذریعے کمزور طبقات کو ریلیف فراہم کررہی ہے۔ 

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملاقات کی، وزیراعلیٰ نے وزیراعظم کو صوبے کے امور اور بلدیاتی اداروں کو فعال کرنے اور آئندہ بلدیاتی نظام کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ  پنجاب میں عوامی ریلیف پر توجہ ہے، صوبہ بھر میں ترقیاتی منصوبو ں کاسلسلہ تیزی سے جاری ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت مہنگائی کی وجہ سے عام آدمی کی تکلیف سے پوری طرح آگاہ ہے، اور پائیدار اقدامات کرکے کمزور طبقات کو زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے، مختلف پروگرامز کے ذریعے کمزور طبقات کو ریلیف فراہم کررہے ہیں، مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے ضلع اور تحصیل کی سطح پر پرائس کنٹرول کمیٹیاں فعال کی گئی ہیں، منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔

وزیراعظم نے وزیراعلی پنجاب کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں جاری تمام ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کریں تاکہ عوام کی سہولت ہو، تمام اداروں کو متحرک کرکے عوامی ریلیف کے اقدامات میں تیزی لائی جائے، عوام کے فائدے کے لیے تمام عوامی فلاحی منصوبوں کے بہترین معیار کو یقینی بنایا جائے گا۔

وزیراعظم عمران خان سے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی ملاقات

اس سے قبل  وزیراعظم عمران خان سے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے ملاقات کی، ملاقات میں سیاسی اور حکومتی امور پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی،جب کہ گورنر پنجاب نے وزیراعظم عمران خان کو دورہ یورپ پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ دور ہ یورپ کے دوران جی ایس پی پلس میں توسیع کے لئے ارکان پارلیمنٹ سے ملاقاتیں کیں۔

گورنر نے بتایا کہ یورپی پارلیمنٹ کے 4 نائب صدور سمیت 30یورپی اراکین پارلیمنٹ سے ملاقات ہوئی، برسلز ،ہنگری ،اٹلی میں بھی اہم ملاقاتیں کیں، جی ایس پلس سٹیٹس میں توسیع کا فیصلہ پاکستان کے حق میں آئے گا، یورپی پارلیمنٹ کے اراکین امن کے لیے پاکستانی کردار کے متعرف ہیں اور افغان امن عمل کے لیے پاکستانی کردار کو یورپ میں سب سراہ رہے ہیں، جب کہ یورپی اراکین پارلیمنٹ نے جی ایس پلس سٹیٹس میں توسیع کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے وزیر اعظم نے زرعی یونیورسٹی آف فیصل آباد کے سب کیمپس ٹوبہ ٹیک سنگھ کو یونیورسٹی بنانے کی منظوری دے دی، جب کہ پنجاب حکومت کو یونیورسٹی کے قیام کیلئے تمام فنڈز فراہم کر نے کی بھی ہدایت کی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔