روس کی کیمیکل فیکٹری میں خوفناک آتشزدگی، 16 افراد ہلاک

ویب ڈیسک  جمعـء 22 اکتوبر 2021
دھماکے سے آس پاس کی عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے، فوٹو: فائل

دھماکے سے آس پاس کی عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے، فوٹو: فائل

 ماسکو: روس کی کیمیکل فیکٹری میں زوردار دھماکے کے بعد خوفناک آگ بھڑک اُٹھی جس کے نتیجے میں 16 افراد جل کر خاک ہوگئے۔

روسی میڈیا کے مطابق صوبے ریازن میں واقع گن پاؤڈر اور کیمیکل فیکٹری میں دھماکے کے بعد آگ بھڑک اُٹھی جس کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک ہوگئے۔

امدادی کاموں میں 70 سے زائد اہلکاروں نے حصہ لیا۔ فائر بریگیڈ کے عملے نے دو گھنٹے کی مشقت کے بعد فیکٹری میں لگی آگ پر قابو پالیا۔ زوردار دھماکے سے آس پاس کی عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ فیکٹری میں تکنیکی پروسس کی خامی کو قرار دیا گیا ہے تاہم حتمی وجہ کے تعین کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔ ہلاک ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔

یاد رہے کہ 7 اکتوبر کو بھی روس کے اسی صوبے میں بارودی اسلحے کے ڈپو میں آگ بھڑک اُٹھی تھی جس کے نتیجے میں 5 سے زائد افراد شدید زخمی ہوگئے اور صوبے میں ایمرجنسی نافذ کرنا پڑ گئی تھی جب کہ  گاؤں سے ڈھائی ہزار افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا تھا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔