جھڈو، یوٹیلیٹی اسٹور میں اشیائے خورونوش کی شدید قلت

نامہ نگار  ہفتہ 23 اکتوبر 2021
شہری مہنگائی کے دوران میں ملنے والے ریلیف سے محروم،نوٹس لینے کا مطالبہ فوٹو : فائل

شہری مہنگائی کے دوران میں ملنے والے ریلیف سے محروم،نوٹس لینے کا مطالبہ فوٹو : فائل

جھڈو: تعلقہ جھڈو میں قائم واحد یو ٹیلیٹی اسٹور پر چینی، آٹا، گھی، تیل، دالوں سمیت دیگراشیائے خورونوش کی شدید قلت اور عدم فراہمی کے باعث عوام بنیادی اور ضروری اشیا کی خریداری سے محروم ہوگئی۔

یوٹیلیٹی اسٹور میں ضروری اشیا کی عدم دستیابی کے باعث یوٹیلیٹی اسٹور سے مایوس لوٹ کر شہری مارکیٹوں اور بازاروں سے مہنگے نرخوں پر آٹا، گھی، چینی، دال سمیت دیگر اشیا خریدنے پر مجبور ہیں۔

یوٹیلیٹی اسٹور میں گزشتہ کئی ماہ سے اشیائے خورونوش کی قلت اور عدم دستیابی کی وجہ سے عوام سخت مشکلات کا شکار ہیں جس کے باعث حکومت کی طرف سے یو ٹیلیٹی اسٹور کے ذریعے ملنے والے ریلیف سے عوام مکمل طور پر محروم ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ملک میں جاری مہنگائی کی بدترین صورتحال سے پریشان عوام کو حکومت کی طرف سے کسی بھی قسم کا کوئی ریلیف نہیں مل رہا۔

دوسری جانب یو ٹیلیٹی اسٹور ملازمین کا کہنا ہے کہ یوٹیلیٹی اسٹور ضلع میرپور خاص انتظامیہ کی جانب سے آٹا،گھی،چینی سمیت دیگر ضروری اشیائے خورونوش کا مکمل کوٹہ نہ ملنے کی وجہ سے ہمیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔