کورونا وبا؛ ملک میں ویکسینیشن کی تعداد 10 کروڑ سے تجاوز کرگئی

ویب ڈیسک  ہفتہ 23 اکتوبر 2021
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے باعث 15 اموات رپورٹ ہوئیں، این سی او سی۔ فوٹو: فائل

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے باعث 15 اموات رپورٹ ہوئیں، این سی او سی۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ ملک میں ویکسی نیشن کی تعداد 10 کروڑ سے تجاوز کر گئی۔

اپنی ٹوئٹ میں اسد عمر نے بتایا کہ آج ملک میں ویکسی نیشن کی تعداد 10 کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے، کروڑ 80 لاکھ سے زائد لوگوں نے کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگوائی، جن میں سے 3 کروڑ 80 لاکھ سے زائد کی مکمل ویکسی نیشن ہو چکی ہے، جب کہ 3 کروڑ افراد کورونا سے بچاؤ کی ایک خوراک لگوائی ہے۔

دوسری جانب ملک بھر میں کورونا وائرس کے کیسز میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 39 ہزار 179 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 552 افراد میں کورونا وائرس رپورٹ ہوا جب کہ مثبت کیسز کی شرح 1.40 فیصد رہی۔

این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے باعث 15 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے ساتھ ہی ملک بھر میں کورونا کے باعث اموات کی تعداد 28 ہزار 359 ہوگئی جب کہ کورونا کیسز کی مجموعی تعداد12 لاکھ 67 ہزار 945 ہوگئی ہے۔

کورونا وائرس اوراحتیاطی تدابیر:

کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیراختیارکرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازے کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلا کربیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔

سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر ابھرے ہوئے ہوئے پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پرکوئی اثرنہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔

پانی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اورہرایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اوروہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے، گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہوجاتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔