اورماڑہ کے قریب مردہ وہیل ساحل سمندر پر آگئی

ویب ڈیسک  ہفتہ 23 اکتوبر 2021
مُردہ پائی گئی دیوہیکل وہیل بروڈس نسل کی تھی فوٹو: فائل

مُردہ پائی گئی دیوہیکل وہیل بروڈس نسل کی تھی فوٹو: فائل

 کراچی: بلوچستان کے علاقے اورماڑہ کے قریب مردہ وہیل کنارے پر ساحل سمندر پر آگئی.

ایکسپریس نیوز کے مطابق بلوچستان کے ضلع گوادر کی تحصیل اورماڑہ کے علاقے سرکی میں مردہ وہیل ساحل سمندر پر آگئی۔ مقامی ماہی گیروں نے وہیل کے معدے سے عنبر گرس کی تلاش کے لیے اسے کاٹ دیا۔

ورلڈ وائلڈ فیڈریشن پاکستان کے تکینیکی مشیر معظم خان کا کہنا ہے کہ مُردہ پائی گئی دیوہیکل وہیل بروڈس نسل کی تھی، بروڈس نسل پاکستان میں پائی جانے والی 3 بڑی بیلین وہیلز میں سے ایک ہے، بروڈس وہیل دنیا کے گرم اور قدرے معتدل سمندری مقامات بحرِہند، بحرِاوقیانوس اور بحرِالکاہل میں پائی جاتی ہے، غالب امکان یہ ہے کہ اس نسل کی آبی حیات کی تعداد پاکستانی سمندروں میں محدود ہے۔

معظم خان کا کہنا تھا کہ وہیل مچھلی کے پیٹ سے نکلنے والا مواد انتہائی مہنگا ہوتا ہے، عنبر گرس وہیل کے معدے میں پایا جاتا ہے، عنبر گرس کا استعمال پرفیومز میں خوشبو کو دیرپا رکھنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، عنبر گرس کی قیمت ڈیڑھ سے دو کروڑ روپے کے درمیان ہوسکتی ہے، وہیل کے معدے میں موجود اس ٹھوس مواد کو سمندر کا انمول رتن(موتی) بھی کہا جاتا ہے، مردہ حالت میں پائی گئی وہیل میں عنبرگرس نہیں پایا جاتا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔