افغانستان، ایران: انڈر انوائسنگ روکنے کیلیے اشیا کی ویلیوایشن کا فیصلہ

ارشاد انصاری  اتوار 24 اکتوبر 2021
FBR نے لوکل ویلیو ایشن کمیٹی رولز کیلیے کسٹمز رولز میں ترامیم کا مسودہ تیار کر لیا۔ فوٹو: فائل

FBR نے لوکل ویلیو ایشن کمیٹی رولز کیلیے کسٹمز رولز میں ترامیم کا مسودہ تیار کر لیا۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: پاکستان نے افغانستان اور ایران کے راستے درآمد اور برآمداشیاء کی انڈر انوائسنگ روکنے کیلیے اشیاء کی ویلیو ایشن مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

درآمدی و برآمدی اشیاء کی مقامی سطح پر ویلیو ایشن مقرر کرنیکا اختیار متعلقہ کلکٹر کسٹمز اپریزمنٹ کو دیاجائے گا۔ متعلقہ ایڈیشنل کلکٹر کسٹمز کی سربراہی میں لوکل ویلیو ایشن کمیٹی قائم ہونگی جس کیلیے لوکل ویلیو ایشن کمیٹی رولز متعارف کروانے کا فیصلہ کیا گیا۔

ایف بی آر نے لوکل ویلیو ایشن کمیٹی رولز کیلیے کسٹمز رولز میں ترامیم کا مسودہ تیار کرلیا ۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے مجوزہ رولز کے مسودے سے متعلق متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے 15دن میں آراء طلب کرلی ہیں اور کہا گیا ہے اسکے بعد موصول آراء و تجاویز کو قبول نہیں کیا جائیگا اور گزٹ نوٹیفکیشن کے ذریعے ان ترمیمی رولز کو لاگو کردیا جائیگا۔

ایف بی آر مجوزہ رولز میں کہا گیا ہے کہ کسٹمز ایکٹ 1969 کی سیکشن 25 اے کے تحت لوکل ویلیو ایشن کمیٹی قائم کی جائے گی، یہ کمیٹی ایڈیشنل کلکٹر کسٹمز کی سربراہی میں قائم ہونگی، ممبران میں دو ڈپٹی کلکٹرز یا اسسٹنٹ کلکٹرز شامل ہونگے۔

ضرورت کے مطابق پرنسپل آپریزر،سپرنٹنڈنٹس اور انسپکٹرز،متعلقہ چیمبرز آف کامرس  کے نمائندے،کسٹمز کلیئرنگ ایجنٹس ایسوسی ایشن کے نمائندے،آل پاکستان ڈرائی اور فروٹس امپورٹرز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشنز کے نمائندوں کے علاوہ متعلقہ کلکٹر کی جانب سے نامزد کردہ افسر شامل ہونگے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔