ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ؛ سری لنکا نے بنگلادیش کو شکست دیدی

ویب ڈیسک  اتوار 24 اکتوبر 2021
سری لنکا کی جانب سے راجا پاکسے نے 53 رنز بنائے اور چریتھ اسالنکا 80 رنز پر ناقابل شکست رہے - فوٹو: آئی سی سی

سری لنکا کی جانب سے راجا پاکسے نے 53 رنز بنائے اور چریتھ اسالنکا 80 رنز پر ناقابل شکست رہے - فوٹو: آئی سی سی

شارجہ: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دوسرے مرحلے کے تیسرے میچ میں سری لنکا نے بنگلادیش کو شکست دے دی۔ 

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دوسرے مرحلے کے تیسرے میچ میں بنگلادیش نے سری لنکا کو جیت کے لیے 172 رنز کا ہدف دیا جو سری لنکا نے 5 وکٹ کے نقصان پر 19ویں اوور میں ہی پورا کرلیا۔

سری لنکا کی جانب سے کوشل پریرا صرف ایک رن بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹے تاہم پتھم نسانکا نے 24 رنز کی اننگز کھیلی۔ ایوشکا فرنانڈو کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوئے، ڈی سلوا بھی 6 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

راجا پاکسے نے 28 گیندوں پر جارحانہ نصف سنچری اسکور کرکے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا وہ 53 رنز بناکر آؤٹ ہوئے البتہ چریتھ اسالنکا 80 رنز پر ناقابل شکست رہے۔ بنگلادیش کی جانب سے نسم احمد اور شکیب الحسن نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل سری لنکا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جس کے جواب میں بنگلادیش کی جانب سے اننگز کا آغاز ہوا تو 40 کے مجموعے پر اوپنر لٹن داس آؤٹ ہوگئے تاہم محمد نعیم نے 62 رنز کی اننگز کھیلی۔

ون ڈاؤن آنے والے شکیب بھی صرف 10 رنز ہی بناسکے، مشفیق الرحیم نے جارحانہ انداز اپنایا اور 57  رنز کی اننگز کھیلی۔ سری لنکا کی جانب سے بنورا فرنانڈو، لہیرو کمارا اور چمیکا کاروناراتنے نےایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔