پاکستان سے نہ ہارنے کا بھارتی غرور ٹوٹ گیا

اسپورٹس ڈیسک  پير 25 اکتوبر 2021
گرین شرٹس نے دبنگ پرفارمنس سے ورلڈ کپ کی برسوں پرانی روایت توڑ دی ۔ فوٹو : اے ایف پی

گرین شرٹس نے دبنگ پرفارمنس سے ورلڈ کپ کی برسوں پرانی روایت توڑ دی ۔ فوٹو : اے ایف پی

 کراچی: ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں پاکستان سے نہ ہارنے کا بھارتی غرور ٹوٹ گیا، گرین شرٹس نے دبنگ پرفارمنس سے برسوں پرانی منفی روایت توڑ دی، آئی سی سی ایونٹس میں بھارت کی برتری کچھ کم ہوگئی۔

پاکستان نے ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں بھارت فتح نہ پانے کی برسوں پرانی روایت توڑدی ہے، جس سے اس کا میگا ایونٹس میں کبھی سرنگوں نہ ہونے کا غرور ٹوٹ گیا ہے۔ آئی سی سی کے عالمی ایونٹس میں بھارت کو پاکستان کرکٹ ٹیم پر واضح برتری حاصل رہی ہے۔

اتوار کے میچ کی صورت میں دونوں روایتی حریفوں کے درمیان آئی سی سی میگا ایونٹس میں 18 ویں مرتبہ سامنا ہوا اور اس بار فتح گرین شرٹس کے ہاتھ آئی، تاہم مجموعی طور پر 14 فتوحات کے ساتھ بھارتی ٹیم کا پلڑہ بھاری ہے، حریف سائیڈ کے خلاف باہمی سیریز میں پاکستان کا ریکارڈ کافی بہتر مگر آئی سی سی ایونٹس میں انجانا خوف گرین شرٹس کو اپنی لپیٹ میں لیے رکھتا تھا مگر ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم نے خوف کا یہ بت توڑ دیا۔ یاد رہے کہ آئی سی سی ایونٹس میں پہلی بار پاکستان اور بھارت کا مقابلہ 1992 کے ورلڈ کپ میں ہوا تھا جس میں بھارت نے 43 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔

1996 کے ورلڈ کپ کوارٹر فائنل میں بھارتی ٹیم نے گرین شرٹس کو 39 رنز رنز سے زیر کیا تھا، 1999 کے ون ڈے ورن ڈے میں بھارتی ٹیم 39 رنز سے فتحیاب رہی تھی، ورلڈ کپ 2003 میں پاکستان ٹیم کو بھارت کے ہاتھوں 3 وکٹ سے شکست ہوئی، 2007 کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے ابتدائی راؤنڈ میں پاکستان ٹیم ٹائی مقابلے کے بعد ہٹ وکٹ پر ہار گئی تھی جبکہ اسی ٹورنامنٹ کے فائنل میں گرین شرٹس کو روایتی حریف کے ہاتھوں 5 رنز سے ناکامی برداشت کرنا پڑی تھی۔ پاکستان نے آخرکار 2009 کی چیمپئنز ٹرافی میں 54 رنز سے فتح پائی۔

2011 کے ورلڈ کپ سیمی فائنل میں بھارت نے پاکستان ٹیم کو 29 رنز سے مات دی۔ ٹی 20 ورلڈ کپ 2012 میں بھارت نے گرین شرٹس کو 8 وکٹ سے زیر کیا، 2013 کے چیمپئنز ٹرافی میچ میں بھارت نے 8 وکٹ سے فتح پائی، ٹی 20 ورلڈ کپ 2014 میں بھارت 7 وکٹ سے فاتح رہا، 2015 کے ون ڈے ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کو بھارت کے ہاتھوں 76 رنز سے شکست ہوئی، ٹی 20 ورلڈ کپ 2016 میں بھارت 6 وکٹ سے جیت گیا۔

2017 کے چیمپئنز ٹرافی میچ میں بھارتی ٹیم نے 6 وکٹ سے کامیابی حاصل کی، 2017 کی چیمپئنز ٹرافی کا فائنل پاکستان نے بھارت کو 180 رنز سے مات دے کر جیتا۔ بھارت نے ورلڈ کپ 2019 میں 89 رنز سے کامیابی سمیٹی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔