اسلام آباد میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 3000 سے تجاوز کرگئی

ویب ڈیسک  منگل 26 اکتوبر 2021
اسلام آباد میں ڈینگی سے اب تک 11 افراد انتقال کرچکے ہیں  فوٹو: فائل

اسلام آباد میں ڈینگی سے اب تک 11 افراد انتقال کرچکے ہیں فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں رواں سیزن کے دوران ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 3000 سے تجاوز کرگئی۔

ڈی ایچ او اسلام آباد ڈاکٹر ضعیم ضیاء کے مطابق گزشتہ روز ڈینگی کے مزید 91 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد کر 3083 ہوگئی ہے۔ اسلام آباد کے کل کیسز میں سے 1824 کا تعلق دیہی جب کہ 1259 کا شہری علاقوں سے ہے۔

رواں سیزن کے دوران ڈینگی کے سب سے زیادہ 757 کیسز ہولی فیملی اسپتال راولپنڈی میں لائے گئے، فیڈرل جنرل اسپتال میں335، پمز میں 282 ،پولی کلینک میں 108، بینظیر بھٹو اسپتال راولپنڈی میں 144،ڈی ایچ کیو اسپتال راولپنڈی میں37 مریض لائے گئے، اس کے علاوہ نجی اسپتالوں و لیبارٹریز میں بھی 1400 سے زائد مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی۔

واضح رہے کہ اسلام آباد میں ڈینگی سے اب تک 11 افراد انتقال کرچکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔